اسلام آباد ،7مئی(اے پی پی):قومی اسمبلی کا خصوصی اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی زیر صدارت بروز بدھ پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہاکہ دشمن کی رات کی تاریکی میں پاکستان پر بزدلانہ حملہ کا منہ توڑ جواب دینے پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پاک فضائیہ کے جوانوں نے بھارتی غرور خاک میں ملادیا،روایتی جنگ میں پاکستان نے اپنی برتری ثابت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں سے التماس ہے کہ وہ پاکستان کو عظیم تر بنانے کے لئے اتحاد واتفاق کا مظاہرہ کریں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ رات کے انڈیا کے بزدلانہ حملے میں کئی بچے،خواتین اور مرد شہید ہوگئے۔ان شہداء کے درجات اللہ بلند اور ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطافرمائے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل بلوچستان میں دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس کو ہائی جیک کیا جس میں بی ایل اے کے ساتھ ٹی ٹی پی شامل تھی اور اس کے تانے بانے انڈیا سے ملتے تھے جس کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔جس میں درجنوں شہادتیں ہوئیں۔ہمارے ایس ایس جی کے جوانوں نے جوانمردی سے دہشتگردوں کو جہنم واصل کرکے ان مغویوں کو رہا کرایا،تاہم بھارت کی جانب سے اس واقعہ کی مذمت تک نہیں کی گئی اوردنیا کے سامنے اس کا مذاق اڑایا وہ تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعہ کے بعد عالمی راہنمائوں سے بات ہوئی،ہم نے واضح کیا کہ پاکستان کا واقعہ سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں۔پھر بھی صاف شفاف تحقیقات کے لئے عالمی انکوائری کمیشن کے قیام کی پیشکش کی لیکن اس کا جواب نہیں دیا گیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ انڈیا کو اپنے رافیل پر بڑا ناز تھا،کچھ دن قبل ان کے جہاز اڑے تو ہماری فضائیہ کے شاہینوں نے ان کی کمیونیکشن لاک کردی وہ فوری واپس سری نگر اتر گئے۔یہ ہماری فوج کی تیاری اورعزم کااظہار تھا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ شب بھارتی حملے کے جواب میں انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا جس میں پانچ بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے گئے۔انہوں نے کہا کہ اس بارے میں واضح ہدایات دی گئی تھیں کہ صرف انہی لڑاکا طیاروں کو نشانہ بنایا جائے جنہوں نے پاکستان میں آتش گیر مادہ گرایا‘بصورت دیگر بھارتی طیاروں کو مزید نقصان ہوتا۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے رات کے اندھیرے میں بھارت کے حملے کو بزدلانہ قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں سمیت معصوم بچوں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک ہے۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے پاکستان کی بہادر افواج خصوصاً پاک فضائیہ کی تعریف کی جس نے ایک بار پھر بھارتی جارحیت کو فیصلہ کن جواب دیا۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا قوم سیاسی اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک کے دفاع کیلئے پوری طرح متحد ہے۔انہوں نے کہا پاکستان بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دے گا جیسا کہ بھارت کے پانچ جنگی طیاروں کو تباہ کیا گیا۔
جمعیت علمائے اسلام ( ف) کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے بھارتی جارحیت کا فوری جواب دینے پر مسلح افواج کی تعریف کی انہوں نے کہا بھارت نے جو کرنا تھا کرلیا اب پاکستان جواب دے گا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے لیکن اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو ہم پوری قوت سے لڑیں گے۔ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے لیکن اگر اس پر جنگ مسلط کی گئی تو پوری قوت سے لڑیں گے۔
زرتاج گل نے بھارت پر الزام لگایا کہ وہ اپنی سرزمین میں ہونے والے ہر واقعے کا الزام پاکستان پر لگاتا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستانی عوام کسی بھی قسم کی غیر ملکی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے اپنے عزم میں متحد ہیں۔ ایوان کی کارروائی کل صبح 11 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔











