چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کا کیپیٹل ہسپتال سی ڈی اے میں پاکستان کی پہلی روبوٹک بیریاٹرک سرجری کا افتتاح

33

اسلام آباد، 8 مئی ( اےپی پی): کیپیٹل ہسپتال سی ڈی اے نے دوسری پاکستان اوبیسٹی ویک کا اہتمام کیا۔ جس کے دوران ملک میں پہلی روبوٹک بیریاٹرک سرجری ورکشاپ کا انعقاد ایک اہم سنگ میل ثابت ہوا۔ اس تاریخی تقریب کا افتتاح چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا، ممبر ایڈمن طلعت محمود اور ممبر اسٹیٹ اسفندیار بلوچ نے کیا۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے اسلام آباد کے شہریوں اور سی ڈی اے کے ملازمین کو بہتر سے بہترین صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے۔ جس دن ڈاکٹر نعیم تاج سی ڈی اے ہسپتال میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر شامل ہوئے میں نے انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

 انہوں نے کہا کہ میں سی ڈی اے کو روبوٹک بیریاٹرک سرجری کے افتتاح کے موقع پر مبارکباد دیتا ہوں، جو پاکستان میں پہلی بار ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے میدان میں سی ڈی اے ہسپتال کو جو ترقی ملی ہے، وہ سی ڈی اے ہسپتال کی تاریخ میں ایک اہم کارنامہ اور سنگ میل ثابت ہوگی، خاص طور پر اس دور میں جب ہمارے اردگرد بہت سے سرکاری اور نجی ہسپتال موجود ہیں۔ سی ڈی اے ہسپتال نہ صرف مریضوں کو علاج معالجہ کی بہترین خدمات کو برقرار رکھے ہوئے ہے بلکہ طبی سہولیات کے معیار کو بھی بلند اور بہتر کیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ تاہم مزید بہتری کیلئے ہمیشہ گنجائش موجود ہوتی ہے، ہم اپنی پیشہ ور اور انتہائی پر عزم ٹیم کے ساتھ ملکر سی ڈی اے کے ملازمین اور اسلام آباد کے شہریوں کو جدید ترین صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے دن رات کام کرتے رہیں گے۔ انہوں نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور سی ڈی اے ہسپتال کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا، جنہوں نے ہسپتال میں پہلی روبوٹک بیریاٹرک سرجری متعارف کرائی۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے سی ڈی اے ہسپتال کے مختلف وارڈز بشمول سی سی یو اور آئی سی یو کا دورہ کیا اور مریضوں کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ مریضوں نے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی ذاتی طور پر ان کی عیادت کرنے اور ان کی خیریت دریافت کرنے پر چیرمین سی ڈی اے کی تعریف کی۔ مریضوں نے ممبر ایڈمن طلعت محمود کی نگرانی میں سی ڈی اے ہسپتال کی خدمات کو سراہا۔

اویبسٹی ویک کے منتظم ڈاکٹر تنصیر اصغر نے ہفتہ بھر کے پروگرام کا جائزہ پیش کیا، جس میں لائیو سرجری ڈیمونسٹریشنز، عملی ورکشاپس، علمی نشستیں اور تعاملی کیس ڈسکشنز شامل تھیں۔ انہوں نے مختلف قسم کی بیریئٹرک سرجریز کے بارے میں آگاہی فراہم کی اور پروگرام کے ہنر کی ترقی اور بین الاقوامی تعاون میں کردار پر زور دیا۔

ڈاکٹر سرتاج علی نے پہلے ہفتہ کا جامع جائزہ پیش کرتے ہوئے کیپیٹل ہسپتال میں گزشتہ ایک سال کے دوران بیریئٹرک خدمات میں ہونے والی نمایاں پیش رفت کو اجاگر کیا۔

تقریب میں کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان (سی پی ایس پی) کے صدر پروفیسر ڈاکٹر شعیب شفیع کی موجودگی نے مزید وقار بخشا، جنہوں نے اس اقدام کی تعریف کی اور کیپیٹل ہسپتال میں پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ پروگرامز کی مسلسل حمایت کا یقین دلایا جس سے سی پی ایس پی کی سرجری کی تعلیم اور صلاحیت کی تعمیر میں پیش رفت کے عزم کا اظہار ہوتا ہے۔