لاہور،09مئی (اے پی پی):اسٹینڈنگ کمیٹی برائے صحت و آبادی کا پنجاب اسمبلی میں اجلاس منعقد ہوا۔صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے اجلاس کو موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر محکمہ کی تیاری اور مختلف پراجیکٹس بارے بریفنگ دی۔
صوبائی وزیر صحت و آبادی نے کہا کہ موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر محکمہ ہائی الرٹ ہے، تمام بی ایچ یوز، ٹی ایچ کیوز آر ایچ سی میں ڈاکٹرز کی دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے پنجاب ہیلتھ ریفارمز وژن کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے، تمام بنیادی و دیہی مراکز صحت اور ٹی ایچ کیوز کی اپ گریڈیشن کا عمل بھی شفافیت سے جاری ہے، انھوں نے کہا کہ ہم ہر مشکل سے نبرد آزما ہو نے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں، وطن پر آنچ نہیں آنے دیں گے، پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ ہسپتالوں اور ڈائلیسز سنٹرز میں ہیومن ریسورس کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیں، بی ایچ یوز میں کنسلٹنٹ کی دستیابی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، پنجاب ہیلتھ ریفارمز پروگرام کی مانیٹرنگ کے لئے تھرڈ پارٹی آڈٹ کا سسٹم وضع کیا جا رہا ہے، صوبائی وزیر صحت و آبادی نے کہا کہ چیک اینڈ بیلینس کا موثر نظام مطلوبہ نتائج کے حصول میں معاون ثابت ہو گا، ہیلتھ پالیسیز کے موثر نفاذ کے لئے عوامی نمائندوں کی اس سسٹم میں شمولیت ناگزیر ہے۔
خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ تمام پالیسیز میں پارلیمینٹیرین کو اعتماد میں لیتے ہوئے فیصلے کئے جائیں گے، خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ ہم کلسٹر بیسڈ ٹیلی میڈیسن سسٹم متعارف کروانے جا رہے ہیں، پنجاب ہیلتھ ریفارمز کے تحت بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے صوبہ بھر میں جیو میپنگ کی گئی ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ اسٹینڈنگ کمیٹی کو ہر منصوبے پر اعتماد میں لیا جائے گا اور اسے مذید فعال بنایا جائے گا۔











