ملک بھر میں بھارتی جارحیت کے خلاف افواج پاکستان کے آپریشن ”بنیان مرصوص” کی شاندار کامیابی پر یوم تشکر منایا گیا

28

اسلام آباد،11مئی  (اے پی پی):وزیر اعظم  شہباز شریف کے اعلان پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر میں بھارتی جارحیت کے خلاف افواج پاکستان کے آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر اتوار کو یوم تشکر بھر پور جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، مختلف تقریبات اور ریلیوں کا انعقاد ہوا جن میں افواج پاکستان کے بہادر افسران اور جوانوں کو سلام پیش کیا گیا جبکہ مساجد میں شکرانے کے نوافل کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ ملک کی سلامتی ، ترقی ، خوشحالی اور افواج پاکستان کی کامرانیوں اور شہدا کے بلندی درجات کے لئے دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا،اقلیتی برادری نے بھی اپنے عقائد کے مطابق خصوصی عبادات اور دعاؤں کا اہتمام کیا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ میں اظہار تشکر کے موقع پر ایک عظیم الشان تقریب ہوئی جس سے وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ، نائب صدر انجم عقیل خان، اور دیگر قائدین نے خطاب کیا اورافواج پاکستان کی کامیابی کو عالم اسلام کی کامیابی قرار دیا۔

وفاقی وزیر امور کشمیر نے مسلم لیگ ن کی صوبائی قیادت کے ہمراہ پریس کانفرنس کی اور افواج پاکستان کی شاندار فتح پر قوم کو مبارکباد دی۔ وفاقی پولیس نے ریلی کا اہتمام کیا اور افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ اسلام آباد کے علاوہ ملک بھر کے چھوٹی بڑے شہروں اور دیہات میں بھی اظہار تشکر کی تقریبات منعقد ہوئیں۔

علمائے کرام نے مساجد میں خصوصی دعاؤں کا  اہتمام کیا اورملک و قوم کی سلامتی ترقی اور خوشحالی اور افواج پاکستان کی حفاظت فتح کے لئے دعائیں مانگی گئیں، نوجوان بچوں اور بزرگوں نے ان تقریبات میں شرکت کی اور دہشت گردی کے خاتمہ اور وطن عزیزکے دفاع کے لئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے جوانوں اور افسران کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہدا کے بلندی درجات کے لئے دعائیں مانگی گئیں۔

افواج پاکستان کی حالیہ کامیابی پر اظہار تشکرکے موقع پرافواج پاکستان کے حق میں نعرے بازی بھی کی گئی۔ بھارتی جارحیت کے خلاف افواج پاکستان کے آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی کے بعد یوم تشکر کے موقع پر لاہور میں شکرانے کے نوافل ادا کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان علما کونسل کے چیئرمین مولانا طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ دشمن کو ہر محاذ پر ناکام کرنے پر ہم اللہ تعالی کا شکر ادا کرنے کے بعد اپنی جری افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ اب پہلگام واقعے کے ساتھ جعفر ایکسپریس کی بھی عالمی سطح پر تحقیقات ہونی چاہیے۔  اس عظیم کامیابی پر بھرپور مسرت اور ملی یکجہتی کا اظہارکیا گیا۔ہر طرف پاکستانی پرچم لہرائے گئے اور حب الوطنی کے نعرے گونجتے سنائی دیئے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پوری قوم اپنی فتح پر کس قدر متحد اور پرجوش ہے۔ لوگوں نے اپنے بہادر جوانوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔ ریلیوں کے شرکا نے اس شاندار فتح پر اللہ تعالی کی ذات کا شکر ادا کیا