ملک بھر کی موٹرویز کے اطراف پھلدار درخت اور وسیع شجرکاری کا فیصلہ

20

اسلام آباد، 12 مئی (اے پی پی):  وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے پیر کے روز وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک کے ہمراہ ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے  ملک بھر میں موٹرویز کے ساتھ پھلدار درختوں کی شجرکاری اور بڑے پیمانے پر جنگلات اگانے کے لیے جامع منصوبے پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پروزراء نے کہا کہ ماحول کو سرسبز اور خوشگوار بنانا نہ صرف ایک سماجی ذمہ داری ہے بلکہ ایک اخلاقی اور دینی فریضہ بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس تجویز کو قابل عمل اور مؤثر بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے جو پاکستان کے سبز مستقبل کے لیے سنگ میل ثابت ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی سے کوئٹہ تک موٹرویز کے ساتھ ساتھ پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں قومی شاہراہوں پر بھی مربوط منصوبہ بندی کے تحت درخت لگانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زرعی ماہرین اور کسانوں سے اپیل کی کہ وہ اس نیک مقصد اور قومی مہم میں بھرپور شرکت کریں۔

وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے تین روز میں ٹھوس تجاویز تیار کرنے کی ہدایت دی اور وزارت مواصلات کے ساتھ مل کر منصوبے پر عمل درآمد سے اتفاق کیا۔ عبدالعلیم خان نے یقین دہانی کرائی کہ ان کی وزارت مکمل تعاون فراہم کرے گی، جس میں ڈیٹا شیئرنگ، زمین کی نشاندہی اور دیگر ضروری امور شامل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ماحول کی بہتری اور موٹرویز پر سفر کے تجربے کو بہتر بنانا اولین ترجیح ہے اور ہر علاقے کی زرعی مناسبت کے مطابق پھلدار درخت لگائے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موٹرویز کے ساتھ سبز علاقے بڑھانے سے مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور یہ منصوبہ ایک ماحول دوست مستقبل کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

اجلاس میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے چیئرمین، موٹروے پولیس کے انسپکٹر جنرل، اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔