وفاقی وزیرداخلہ کی ڈرون حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے علی حیدر کی رہائش گاہ پر آمد

23

‎لاہور5  مئی ( اے پی پی): وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی  راولپنڈی میں بھارتی ڈرون حملے  کے نتیجے میں شہید ہونے والے  لاہور کے علاقے کچہ جیل روڈ کے رہائشی  علی  حیدر  کی رہائش گاہ پہنچے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ‎بھارتی ڈرون نے 8 بہنوں کے  اکلوتے بھائی علی حیدر کو ہمیشہ کے لیے جدا کر دیا ۔‎وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید محنت کش علی حیدر کے والد محمد اسلم ،والدہ  اور دیگر اہل خانہ  سے  بھی ملاقات کی۔‎  محسن نقوی نے شہید علی حیدر کے ساتھ بھارتی ڈرون حملے میں زخمی ہونے والے کزن منظور فیصل سے بھی ملاقات کی اور خیریت دریافت کی۔

انہوں نے‎ شہید علی حیدر کے والدین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور‎ شہید  کے  والدین  کو دلاسہ دیا ، انکی دلجوئی کی ‎وزیرداخلہ محسن نقوی نے  شہید کے زخمی کزن منظور فیصل سے افسوسناک واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں

‎اور  ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی میں زیرعلاج زخمی   کزن توقیر عباس کو بہترین علاج معالجے فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ‎حکومت آپ کے خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔

‎شہید علی حیدر کے خاندان کا ہر ممکن خیال رکھیں گےاور مکمل دیکھ بھال کی جائے گی۔  ‎وزیرداخلہ  نےشہید علی حیدر کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔انہوں نے مزید کہا کہ‎حکومت آپ کے خاندان کا سہارا بنے گی۔

‎واضح رہے کہ شہید علی حیدر راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے باہر چیس برگر فروخت کرکے خاندان کے لئے روزی کماتا تھا۔