مصدق ملک سے اقوامِ متحدہ کے ادارہ یو این ہیبی ٹیٹ کے سینئر مشیر کی ملاقات

12

اسلام آباد، 14 مئی (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک سے یو این ہیبی ٹیٹ کے سینئر مشیر جناب جاوید علی خان نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پائیدار شہری ترقی، اس شعبے کو درپیش چیلنجز اور ان کے قابلِ عمل حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں فریقین نے اس امر پر زور دیا کہ شہری ترقی کے عمل کو مؤثر، ماحولیاتی طور پر موزوں اور طویل المدتی اہداف سے ہم آہنگ بنایا جانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ماحولیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں شہری منصوبہ بندی اور انفراسٹرکچر کی بہتری کو قومی ترجیحات میں شامل کرنا ناگزیر ہے۔

اس موقع پر پاکستان میں قومی شہری ترقیاتی حکمتِ عملی کی تشکیل پر اتفاق کیا گیا، تاکہ شہری ترقی کے لیے ایک جامع، مربوط اور پائیدار فریم ورک وضع کیا جا سکے۔ یہ حکمتِ عملی مستقبل کے شہری چیلنجز سے نمٹنے اور ماحول دوست ترقی کو فروغ دینے کے لیے سنگِ میل ثابت ہو گی۔