حکومت کی جانب سے آپریشن بنیان مرصوص میں تاریخی فتح پر 16 مئی 2025ء کو قومی سطح پر “یومِ تشکر” منانے کا اعلان

17

اسلام آباد 14 مئی (اے پی پی): حکومتِ پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص میں تاریخی فتح پر پاکستانی عوام اور افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے 16 مئی 2025ء کو قومی سطح پر “یومِ تشکر” منانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ دن ملک بھر میں عقیدت، اتحاد اور شکر گزاری کے جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔

یومِ تشکر کا آغاز تمام مساجد میں قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں سے کیا جائے گا، جن میں ملک کی سلامتی، ترقی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعائیں کی جائیں گی۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔ اس موقع پر مزارِ قائد اور مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد کی جائے گی، جب کہ وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں پرچم کشائی کی تقریبات بھی ہوں گی۔

ملک بھر میں یادگارِ شہداء پر پھول رکھے جائیں گے اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے دعائیہ تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ آپریشن بنیان مرصوص کے شہداء کے لواحقین سے خصوصی ملاقاتیں کی جائیں گی تاکہ ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے۔

یومِ تشکر کی مرکزی تقریب 15 مئی کی رات پاکستان مونومنٹ اسلام آباد میں منعقد ہو گی، جس میں تمام مکاتبِ فکر کی نمایاں شخصیات شرکت کریں گی۔

تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم ہوں گے، جب کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہان بھی اس موقع پر موجود ہوں گے۔ یہ دن قومی وحدت، قربانی اور شکر گزاری کا عملی مظہر ثابت ہوگا۔