احسن اقبال کا سینئر افسران سے خطاب: سول سروس میں ڈیجیٹل انقلاب کے فروغ پر زور

13

اسلام آباد15 مئی (اے پی پی):اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے سینئر مینجمنٹ کورس کے 37ویں گریجویشن کی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سول سروس کو موجودہ دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل گورننس کو اپنانا ناگزیر ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل ان لوگوں کا ہے جو جدت کو اپنا شعار بناتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مصنوعی ذہانت، ڈیٹا اینالٹکس اور اسمارٹ گورننس کے جدید اوزار نہ صرف سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنا سکتے ہیں بلکہ شفافیت اور عوامی خدمت کے معیار میں بھی انقلابی تبدیلی لا سکتے ہیں۔

 وفاقی وزیر نے تین اہم تقاضوں کی نشاندہی کی جن پر آج کے دور میں ریاستی نظام کو پورا اترنا ضروری ہے: تیز رفتار فیصلہ سازی، جدت پر مبنی سوچ، اور عوام کا اعتماد بحال کرنا۔ انہوں نے سرکاری اداروں پر زور دیا کہ وہ تبدیلی سے نہ گھبرائیں بلکہ چابک دستی سے خود کو نئے حالات کے مطابق ڈھالیں۔

پروفیسر  احسن اقبال نے کہا کہ قومی ترقی انفرادی قابلیت سے نہیں بلکہ ادارہ جاتی کارکردگی، ٹیم ورک اور مشترکہ اہداف سے حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ AI اور ڈیٹا کے درست استعمال پر عبور حاصل کریں تاکہ فیصلے مؤثر اور حقائق پر مبنی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ناقص یا غیر مصدقہ ڈیٹا کی بنیاد پر کیے گئے فیصلے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں، اس لیے ڈیٹا کی درستگی اور بروقت دستیابی کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے۔

تقریب کے اختتام پر وزیر منصوبہ بندی نے مسلح افواج کی حالیہ خدمات اور قومی سلامتی کے تحفظ میں ان کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ “ہماری اصل طاقت ہمارا اتحاد، نظم، اور اجتماعی ارادہ ہے۔

سعیدہ، حبیب شاہ