لاہور، 15 مئی (اے پی پی): گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات مذہب، ثقافت اور تاریخ سے جڑے ہیں، جنہیں مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں فردوسی کا مجسمہ نصب کرنے سے دوطرفہ ثقافتی تعلقات کو نئی جہت ملے گی۔ سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ گورنر جنرل خراسان رضوی کے گورنر ہاؤس مشہد میں علامہ اقبال کے مجسمے کو نصب کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتا ہوں۔
ایرانی سفیر نے کہا کہ آج گورنر ہاؤس میں ایرانی قومی شاعر فردوسی کا مجسمہ نصب کرنے سے دونوں برادر ممالک کے درمیان ثقافتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
اس موقع پر ایرانی قونصل جنرل مہران موحدفر اور دیگر بھی موجود تھے۔ آخر میں گورنر ہاؤس میں ایران کے قومی شاعر فردوسی کے مجسمے کی نقاب کشائی بھی کی گئی۔











