ہارون اختر کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، الیکٹرک وہیکلز ٹیکنالوجی کے فروغ پر زور

52

اسلام آباد (16 مئی 2025): وزیراعظم کے خصوصی معاون ہارون اختر خان کی زیر صدارت کامسیٹس کے وفد سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاکستان میں الیکٹرک وہیکلز ٹیکنالوجی اور موٹر سائیکل ریٹروفٹنگ سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں سیکرٹری وزارت صنعت و پیداوار سیف انجم، ایگزیکیٹو ڈائریکٹر کامسیٹس نفیس ذکریا اور سی ای او انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ خدا بخش علی بھی شریک تھے۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ الیکٹرک وہیکلز پاکستان کے لیے ماحولیاتی اور معاشی فوائد کا باعث بنیں گی۔ پاکستان اسٹیٹکس بیورو کی رپورٹ کے مطابق ملک میں اس وقت 28.7 ملین موٹر سائیکلیں چل رہی ہیں، جن پر پیٹرول کی مد میں اربوں روپے خرچ ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے “اُڑان وژن” میں ماحول دوست ٹیکنالوجی کے فروغ پر خصوصی زور دیا گیا ہے اور نیشنل الیکٹرک وہیکل پالیسی پاکستان کی معیشت اور ماحولیات کے لیے مفید ثابت ہو گی۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ مقامی صنعتکاروں کو ای وی ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی جا رہی ہے، جبکہ وزارت صنعت و پیداوار صنعتکاروں کو اس ٹیکنالوجی میں سہولیات فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ الیکٹرک وہیکلز اور لیتھیئم بیٹریز مستقبل کی ٹیکنالوجی ہیں، جن سے نہ صرف درآمدات میں کمی آئے گی بلکہ ملکی معیشت کو فائدہ پہنچے گا۔ کامسیٹس کے مطابق ایک عام بائیک کا فی کلومیٹر خرچ 6.9 روپے ہے جبکہ الیکٹرک بائیک کا صرف 0.7 روپے فی کلومیٹر خرچ ہے، جو عوام کے لیے بھی سستا اور مؤثر حل ہے۔