اسلام آباد، 16 مئی (اے پی پی): وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے آج آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری) کے ہمراہ کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ)، راولپنڈی کا دورہ کیا۔ وزیر اعظم نے معرکۂ حق یعنی آپریشن بنیان مرصوص کے دوران زخمی ہونے والے جوانوں اور شہریوں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔
وزیر اعظم نے زخمیوں کے عزم، حوصلے، فرض شناسی اور بے مثال بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنے محافظوں پر فخر ہے، جنہوں نے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر ملک و ملت کا دفاع کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ قربانیاں پاکستان کی تاریخ کا روشن باب ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ جس طرح افواجِ پاکستان اور پوری قوم نے یہ جنگ لڑی، اس کی مثال کہیں نہیں ملتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی ثابت قدمی اور افواج پاکستان کی قربانیوں نے ملک کی عسکری تاریخ کا ایک فیصلہ کن باب رقم کر دیا ہے، جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ثابت ہو گا۔











