سیالکوٹ۔17مئی (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہماری 78 سالہ تاریخ میں بڑے اچھے اچھے لمحے اور مواقع آئے لیکن حالیہ فتح جو اللہ تعالیٰ نے پاکستان اور افواج پاکستان کو عطا کی ہے اس کی مثال ہماری 78 سالہ تاریخ میں کہیں نہیں ملتی، ہمارا ازلی و ابد ی دشمن یہاں سے چند میل دور مشرقی سرحد کے اس پار بیٹھ کر اپنے زخم چاٹ رہا ہے انشااللہ تعالیٰ بہت جلد مغربی سرحد پر بھی ہمارے دشمن اسی طرح اپنے زخم چاٹ رہے ہوں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں اپنی رہائش گاہ پرافواج پاکستان کی جانب سےبھارت کو دندان شکن جواب دینے اور کامیاب آپریشن بنیان مرصوص پر مبارکباد دینے کے لیے آئے اسٹینڈرڈ گروپ آف کالجز اینڈ کڈز کلب گرائمر سکول کے طلبا و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اب مودی کو کچھ کہنے کی ضرورت نہیں کیونکہ بھارت کے طول و عرض میں اس کی شان میں جو جو کچھ کہا جا رہا ہے وہ ہم بھی نہیں کہہ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معرکہ حق ہماری قومی وحدت و اتحاد کا باعث بنا کیونکہ آج سے پندرہ بیس دن پہلے ہماری قومی وحدت اور اتحاد میں دراڑیں نظر آتی تھیں لیکن الحمدللہ آج قوم متحد ہے اور اس کی شناخت ہماری پاک فوج کی بہادری بن گئی ہے جس پر میں اپنی پاک فوج کو سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی پاک افواج کے سربراہ جنرل وعاصم منیر ، ائیر چیف مارشل ظہیراحمد بابر، نیول چیف نوید اشرف اور جوائنٹ چیف آف سٹاف چیئرمین ساحر شمشاد کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ ان کے جوان بچے اور بچیاں جس جرات اور بہادری سے لڑے ہیں اس میں ان سب کی قیادت کا بہت بڑا ہاتھ ہے، آپ کی قیادت ہی تھی جس نے ان جوانوں کے حوصلوں میں برکت ڈالی ۔نہوں نے اظہار تشکر اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی اور ان کے لیے محبتوں کے پھول نچھاور کرنے کے لیے آنے والے طلبا و طالبات اور انکے اساتذہ سمیت تمام لوگوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔











