اسلام آباد، 19 مئی(اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے قطر کے سفیرعلی مبارک علی عیسی الخطیر نے ملاقات کی ہے، ملاقات میں پاکستان اور قطر کے درمیان تعلقات سمیت دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال ہوا۔اس کے علاوہ وزیرداخلہ محسن نقوی کے حالیہ دورہ قطر پر اور پاکستان اور بھارت کے مابین سیز فائر کے بعد کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔
دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ امن کا داعی رہا ہے اور ہم خطے میں پائیدار امن چاہتے ہیں ۔ قطر کا حالیہ دورہ انتہائی کامیاب رہا، قطر کے وزیر اعظم، نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ کے ساتھ ملاقاتوں میں دوطرفہ تعاون کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ انسدادِ منشیات، انسداد دہشتگردی، سیکورٹی تعاون اور تربیتی پروگرامز پر بھی سیر حاصل گفتگو کی گئی جبکہ تمام شعبوں میں قطر کے ساتھ تعاون کو فروغ دینا پاکستان کی ترجیح ہے اور قطر کے اعلیٰ حکام نے فالواپ وزٹ پر جلد پاکستان آنے پر اتفاق کیا ہے۔
محسن نقوی نے بتایا کہ وفاقی سیکرٹری داخلہ کی قیادت میں اعلیٰ سطح کا وفد بھی قطر کا دورہ کرے گا، وفد میں وزارت داخلہ کے ماتحت اداروں کے سربراہان شامل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ قطر پاکستان کا قابل اعتماد شراکت دار ہے، قطر کے ساتھ تعلقات کو قابلِ فخر اثاثہ سمجھتے ہیں۔











