گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین ملتان میں کالج ٹیچرز انٹرنیز سیشن 2024-2025 کے اعزاز میں تقریب تقسیمِ اسناد

15

ملتان،19 مئی (اے پی پی): گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین شاہ رکن عالم ملتان میں کالج ٹیچرز انٹرنیز سیشن 2024-2025 کے اعزاز میں شاندار تقریب تقسیمِ اسناد منعقد ہوئی۔ اس تقریب کا مقصد نوجوان اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔

تقریب کی صدارت کالج کی پرنسپل فوزیہ تبسم کامران نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی پروفیسر طاہر سلطان، ڈائریکٹر کالجز ملتان ڈویژن تھے۔ ان کے ہمراہ پروفیسر احمر روف، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ملتان، نے بھی بطور مہمانِ اعزازی شرکت کی۔ تقریب میں وائس پرنسپل حمیرا سرفراز چیمہ سمیت تدریسی اور انتظامی عملے کے دیگر ارکان بھی شریک ہوئے۔

 پرنسپل فوزیہ تبسم کامران نے استقبالیہ خطاب کیااور  انہوں نے انٹرنیز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کسی بھی قوم کی تعمیر میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، اور نئی نسل کے اساتذہ کا جذبہ و لگن امید افزا ہے۔

پروفیسر طاہر سلطان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایسے پروگرامز نوجوان اساتذہ کی حوصلہ افزائی کا باعث بنتے ہیں اور انہیں عملی میدان میں بہترین کارکردگی کے لیے تیار کرتے ہیں جبکہ پروفیسر احمر روف نے بھی انٹرنیز کو ان کی محنت اور لگن پر مبارکباد دی اور مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

بعد ازاں کامیاب انٹرنیز میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ اسٹاف ممبر سید علی اصغر بخاری نے مہمانانِ گرامی کا شکریہ ادا کیا۔سٹیج سیکرٹری کے فرائض زاہدہ طاہر نے سرانجام دئیے۔