راولپنڈی، مئی 20 ( اے پی پی): پاکستان سپر لیگ کی فرینچائز اسلام آباد یونائٹڈ کے فاسٹ بالر سلمان ارشاد نے راولپنڈی میں کراچی کنٹگ کے خلاف میچ جیتنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایلکس ہیلز کا پہلی اننگز میں ہی اس طرح کا کھیل پیش کرنا قابل ستائش ہے،بین الاقوامی کھلاڑیوں کا فارم میں ہونا ہماری ٹیم کے لیے مثبت پہلو ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم نے 200سے زائد رنز کا ٹارگٹ دینے کا ارادہ کیا تھا جس میں ہم کامیاب ہوئے، پچ اور گزشتہ دو میںچز کے نتائج سے علم تھا کہ اس پچ پر دوسری اننگز میں کھیلنا مشکل ہو سکتا ہے، دوسری اننگز میں گیند تھوڑا سا نیچے رہ رہا تھا ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ ہم نے کوالیفائر مرحلے کےلئے دوسرے نمبر پر اپنے میچز کا اختتام کیا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ اور کوچز کا یہی پلان تھا کہ کراچی کنگز کو 150 رنز تک محدود کرے جس میں ہم کامیاب رہے۔
سلمان ارشاد نے کہا کہ ٹیم کا کمبینیشن بہت اچھا ہے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے تمام کھلاڑیوں کو ٹورنامنٹ میں برابری کا موقع ملا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ماڈرن ڈے کرکٹ میں باولر کے پاس ورائٹی کا ہونا انتہائی ضروری ہے، سلو باؤنسر اور یارکر میری سٹرینتھ ہے جس پر کام کرتا ہوں آج کل کی کرکٹ میں یارکر انتہائی اہم ہے۔











