عکسی مفتی کی تصنیف “محمد دور جدید میں” کی تقریب رونمائی، اکادمی ادبیات پاکستان میں منعقد

56

اسلام آباد، 20 مئی (اے پی پی):ممتاز مصنف عکسی مفتی کی کتاب‘‘ محمد دور جدید میں ’’ کی تقریب رونمائی منگل کے روز اکادمی ادبیات میں منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت سینیٹر عرفان صدیقی نے کی جب کہ مہمانِ خصوصی پیر سید حیدر گیلانی تھے۔

 دیگر مقررین میں معروف محقق نعیم فاطمہ علوی، نامور شاعر جلیل عالی، دانشور ڈاکٹر سارہ شہاب اور صدر نشین اکادمی ادبیات پاکستان پروفیسر ڈاکٹر نجیبہ شامل تھیں۔

مقررین نے کتاب محمد دور جدید کو موجودہ دور کی فکری ضرورت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کتاب نہ صرف مغربی مفکرین کے اعتراضات کا مدلل جواب فراہم کرتی ہے بلکہ نوجوان نسل کو فکری رہنمائی بھی دیتی ہے۔ مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ کتاب میں استدلال اور عقلی حوالوں کے ذریعے سیرت نبویؐ  کی تشریح کی گئی ہے، جو نوجوان ذہنوں کو متاثر کرتی ہے۔

صدرِ محفل سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ مصنف کا اسلوب نہایت سادہ اور دل نشین ہے جب کہ دفاعِ رسالت ؐکے ضمن میں ان کی تحریر میں ایمان کا جذبہ نمایاں ہے۔

اختتامی کلمات میں مصنف عکسی مفتی نے کہا کہ آج کے دور کو ففتھ جنریشن وار فئیر کہا جاتا ہے اور اس تناظر میں یہ جاننا ضروری ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا پیغام صرف ماضی کے لیے نہیں بلکہ آنے والے زمانوں کے لیے بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ رسولِ اکرم ؐکے پیغام کو موجودہ تناظر میں سمجھنے کی کوشش کرے۔

تقریب میں مختلف علمی و ادبی حلقوں کی نمائندہ شخصیات نے شرکت کی اور کتاب کو فکر انگیز اور عصری تقاضوں سے ہم آہنگ قرار دیا۔