آٹو پارٹس انڈسٹری کے ٹیرف مسائل پر بات چیت کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس

18

اسلام آباد، 22 مئی (اے پی پی): وزیراعظم کے خصوصی معاون ہارون اختر خان کی زیر صدارت آٹو پارٹس انڈسٹری کے ٹیرف مسائل پر بات چیت کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں پاکستان آٹوموٹو پارٹس اینڈ ایکسیسریز مینوفیکچررز(PAAPAM)، فیڈرل بورڈ آف ریونیو(FBR)، انجینئرنگ ڈیویلپمنٹ بورڈ، وزارتِ صنعت و پیداوار کے سیکرٹری سیف انجم اور سیکرٹری کامرس جواد پال کے شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران ہارون اختر خان نے زور دیا کہ آٹو پارٹس انڈسٹری کی شکایات باقاعدہ طور پر ٹیرف پالیسی بورڈ کے سامنے پیش کی جائیں گی۔ انہوں نے PAAPAM کو ہدایت دی کہ وہ صنعت کو درکار تحفظ کی مکمل تفصیل اور تجزیہ پیش کریں تاکہ یہ شعبہ مقابلہ بازی اور پائیداری کے قابل رہے۔

وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق، ان صنعتوں کو مراعات دی جائیں گی جو پیداوار میں اضافہ دکھائیں گی۔ اس اقدام کا مقصد شعبے کی ترقی کو فروغ دینا اور اس کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔ تاہم،آٹو پارٹس کے صنعت کاروں نے خدشہ ظاہر کیا کہ تجویز کردہ 15 فیصد کسٹم ڈیوٹی صنعت کی ترقی اورمسابقت پر منفی اثر ڈالے گی۔

ہارون اختر خان نے صنعت کاروں کو یقین دلایا کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف پر اعتماد کریں کیونکہ ان کا مقدمہ ٹیرف پالیسی بورڈ میں مضبوطی سے لڑا جائے گا۔ مزید برآں، انہوں نے PAAPAM کو ہدایت دی کہ وہ آئندہ اجلاس میں مختصر رپورٹس پیش کریں تاکہ ان مسائل پر مسلسل بات چیت اور پیش رفت جاری رہے۔