ملتان ،26 مئی (اے پی پی ):حکومت پنجاب کی ہدایت پر ملتان میں 3 روزہ قومی پولیو مہم کا آغاز کردیا۔پولیو مہم کے پہلے روز 4 لاکھ سے زائد بچوں کو گھر گھر قطرے پلانے کا سلسلہ جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ،پولیو ٹیموں کی انسپکشن کی۔انہوں نے گھروں میں جا کر بچوں کو پولیو ویکسین کی چیکنگ کی۔انہوں نے بچوں کو قطرے پلائے اور تحائف تقسیم کئے۔انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کے 3 روز میں 10 لاکھ 20 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 3 روزہ قومی پولیو مہم 28 مئی تک جاری رہے گی۔پولیو فری پاکستان کے لیے والدین کا تعاون ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ والدین بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کیلئے پولیو سے بچاو کے قطرے پلائیں، قطرے پلانے سے انکار کرنے والے والدین کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جنرل بس سٹینڈ سمیت عوامی مقامات پر پولیو کیمپ بھی قائم کئے گئے ہیں۔ 3 ہزار سے زائد فیلڈ ٹیمیں گھروں اور عوامی مقامات پر خصوصی پولیو مہم میں شریک ہیں۔اس موقع پر دیگر افسران بھی موجود تھے۔