وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان جاپان پہنچ گئے، اوساکا ایکسپو 2025 میں اہم مصروفیات کا آغاز — دورے کا مقصد تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات کو فروغ دینا ہے

7

اوساکا، جاپان – 26 مئی(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان ایک اعلیٰ سطحی سرکاری دورے پر پیر کے روز جاپان پہنچ گئے۔ اس دورے کا مقصد پاکستان اور جاپان کے درمیان معاشی، تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

وزیر تجارت کا کانسائی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر پاکستان کے اکنامک منسٹر، ڈائریکٹر پاکستان پویلین ایکسپو 2025 اور ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کاؤنسلر نے پرتپاک استقبال کیا۔

منگل کے روز، جام کمال خان اوساکا میں جاری 2025 ورلڈ ایکسپو میں پاکستان کی نمائندگی کی قیادت کریں گے۔ ان کی مصروفیات کا آغاز جاپان ایسوسی ایشن برائے 2025 ورلڈ ایکسپوزیشن کے رہنماؤں کے ساتھ ملاقات سے ہوگا۔

بعد ازاں، وزیر تجارت مختلف ممالک کے پویلینز کا دورہ کریں گے، جن میں پاکستان پویلین کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ وہ وہاں موجود حکام اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے ملاقات کریں گے جو پاکستان کی ثقافت، سرمایہ کاری کے مواقع اور تجارتی امکانات کو اجاگر کر رہے ہیں۔

پاکستان پویلین میں ملک کے ابھرتے ہوئے شعبہ جات، روایتی دستکاری، سیاحتی کشش اور صنعتی قوت کو نمایاں انداز میں پیش کیا گیا ہے۔وزیر تجارت دن بھر دیگر اہم علاقائی و عالمی شراکت داروں کے پویلینز کا بھی دورہ کریں گے۔

ان مصروفیات کے علاوہ، وہ میڈیا سے پریس کانفرنس کریں گے، ایک سفارتی عشائیے میں شرکت کریں گے، اور جاپانی حکام و کاروباری شخصیات سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

یہ دورہ پاکستان کے لیے بین الاقوامی سطح پر تجارتی مواقع کی توسیع، سرمایہ کاری میں اضافے اور معاشی تعاون کی نئی راہیں ہموار کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔