کیریک انسٹیٹیوٹ کی پانچویں سالانہ تحقیقاتی کانفرنس میں ، علاقائی تجارت اور توانائی روابط پر توجہ مرکوز ہے، ڈاکٹر غلام صمد

16

اسلام آباد، 29 مئی (اے پی پی): کیریک انسٹیٹیوٹ، ارومچی، چین کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر غلام صمد نے کہا ہے کہ سینٹرل ایشین ریجنل اکنامک کوآپریشن (CAREC) انسٹیٹیوٹ اپنی پانچویں سالانہ تحقیقاتی کانفرنس اس بار اسلام آباد، پاکستان میں منعقد کر رہا ہے جس میں تقریباً 50 بین الاقوامی مندوبین شریک ہو رہے ہیں۔

اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس میں کیریک اور نان-کیریک ریجن سے محققین اور پالیسی ساز شرکت کر رہے ہیں۔ کیریک کے 11 رکن ممالک میں سینٹرل ایشین ریپبلکس، چین، منگولیا، افغانستان، پاکستان، جارجیا اور آذربائیجان شامل ہیں۔

ڈاکٹر صمد نے بتایا کہ اس ایونٹ کا بنیادی مقصد علاقائی تجارت اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینا ہے،  انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اس خطےمیں تجارت کے مواقع بڑھیں اور باہمی تعاون میں اضافہ ہو۔ انہوں نے حکومت پاکستان، وزیر اعظم آفس، سرگودھا یونیورسٹی، پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، آئی آر یو اور پاکستان سنگل ونڈو کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس کانفرنس کے انعقاد میں بھرپور معاونت فراہم کی۔

ڈاکٹر غلام صمد نے مزید کہا کہ وفاقی وزراء کی شرکت نے کانفرنس کی اہمیت میں اضافہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر احسن اقبال نے حکومت کی ترجیحات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ کانفرنس کے بعد ایک جامع رپورٹ شائع کی جائے گی جس میں پالیسی سفارشات شامل ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان سفارشات کو پاکستان اور دیگر ممالک کے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ شیئر کریں گے تاکہ ان کی عملی شکل میں تبدیلی ممکن ہو سکے۔

ڈاکٹر غلام صمد نے تمام ممالک کے شرکاء اور معاون اداروں کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ کانفرنس علاقائی تعاون کو ایک نئے مرحلے تک لے جائے گی۔