کمشنر ملتان ڈویژن کا ترقیاتی منصوبوں اور سرکاری سہولیات کا تفصیلی دورہ، تاخیر پر برہمی کا اظہار

2

ملتان،29 مئی (اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے تحصیل صدر کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے مختلف ترقیاتی منصوبوں، ہسپتالوں اور صفائی کے نظام کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران کمشنر نے “اپنی چھت اپنا گھر” اسکیم، زیرِ تعمیر ٹراما سینٹر اور مریم نواز ہیلتھ کیئر کلینک سمیت مختلف مقامات کا معائنہ کیا۔کمشنر عامر کریم خان نے ٹراما سنٹر کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو واضح حکم دیا کہ جون کی ڈیڈلائن ہر صورت میں پوری کی جائے، کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

“اپنی چھت اپنا گھر” منصوبے کی سائٹ کے معائنے کے دوران کمشنر  نے کہا کہ یہ وزیر اعلیٰ پنجاب  کا انقلابی اقدام ہے  جس سے کم آمدنی والے طبقات کو رہائش کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ہیلتھ کیئر کلینک کے دورے پر کمشنر  نے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو یونیفارم خاص طور پر سفید کوٹ کی سختی سے پابندی کرنے کی ہدایت دی۔اس موقع پر انہوں نے قادرپورراں لینڈ فل سائٹ پر صفائی اور ویسٹ مینجمنٹ کے ناقص انتظامات پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ عملے کی سرزنش کی اور بہتری کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔کمشنر نے قادرپورراں سڑک کا بھی دورہ کیا اور شہریوں کی سہولت کے لیے مرمت و بحالی کا جامع پلان طلب کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ابوبکر اور اسسٹنٹ کمشنر صدر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔