لاہور،29 مئی (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کے حوالہ سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود خان، سی ای او پی ایچ آئی ایم سی ڈاکٹر علی رزاق، آئی ڈیپ اور گرانٹ تھورنٹن انجم رحمان کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کے حوالہ سے مختلف ماڈلز کا جائزہ لیا گیا۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کو سسٹین ایبل ماڈل کے تحت چلانا چاہتے ہیں۔ یہ کینسر ہسپتال حکومت پنجاب کا فلیگ شپ منصوبہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ ایشیاء کا سب سے بڑا کینسر ہسپتال ہوگا۔ اس کینسر ہسپتال میں لیول 4 کے مریضوں کا علاج و معالجہ بھی کیا جائے گا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ انشاء اللہ اس کینسر ہسپتال میں مریضوں کو عالمی سطح کی سہولیات فراہم کریں گے۔











