لاہور، 29مئی (اے پی پی): وزیر خزانہ پنجاب مجتبی شجاع الرحمان نے جی ٹی روڈ پر اپنے آبائی حلقے میں یوم تکبیر کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم و قائد مسلم لیگ میاں محمد نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا۔ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ تقریب کا مقصد نئی نسل کو یوم تکبیر کی اہمیت سے آگاہ کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یوم تکبیر ہمارا قومی دن ہے۔ زندہ قومیں اپنے قومی دنوں کو کبھی فراموش نہیں کرتیں۔ آج سے تقریباً 27 سال قبل 28 مئی،1998 کو پاکستان دنیا بھر میں عالم اسلام کی پہلی ایٹمی طاقت بن کر ابھرا جوکہ 57اسلامی ممالک میں پہلی اور دنیا بھر میں ساتویں ایٹمی طاقت بن کر ابھرنا یقیناً ایک اعزاز تھا۔ انھوں نے کہا کہ یہ اعزاز ہمیں ہمارے قائد مسلم لیگ میاں نواز شریف کی بدولت ملا۔ میاں محمد نواز شریف نے انڈیا کی جانب سے 5ایٹمی دھماکوں کا جواب 6ایٹمی دھماکوں سے دیا اور پاکستان کو ناقابل تسخیر بنا دیا جس سے پاکستان سے متعلق عالمی برادری کی سوچ یکسر تبدیل ہو گئی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ سی پیک جیسے گیم چینجر منصوبے یوم تکبیر جیسے فیصلوں ہی کے ثمرات ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کا کارنامہ صرف ایٹمی دھماکے ہی نہیں موٹر وےکی تعمیر اور توانائی کے بحران پر کنٹرول بھی ہے۔موٹر وے کی تعمیر اور توانائی کے بحران پر کنٹرول نے ملکی معیشت کو درست سمت دی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پچھلی حکومت کی پالیسیوں نے سی پیک کو بری طرح متاثر کیا۔ میاں شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کو ایک بار پھر موقع ملا، بہت جلد سی پیک ٹو کا آغاز کریں گے ۔
انھوں نے کہا کہ یوم تکبیر کے ستائیس سال بعد ایک بار پھر مسلم لیگ ن کو ہی موقع ملا کہ وہ دشمن کی سازش کا منہ توڑ جواب دے۔ 10مئی 2025 کو پاکستان کی عسکری و سیاسی قوت نے ایک بار پھر ایک جراتمندانہ فیصلہ لیا اور ہندوستانی افواج کو ان کی دو دن کی بے جا مداخلت کا بھر پور جواب دیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہماری افواج اور ہماری عوام نے ثابت کیا کہ ان کا جذبہ حب الوطنی اور جذبہ ایمانی آج بھی زندہ ہے ۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اپنی افواج کا بھر پور ساتھ دیا۔ 10مئی کو ایک بار پھر ہم نے دنیا کو بتا دیا کہ ہم اپنے دشمنوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ آج ہم ہندوستان کو صرف جنگی میدان میں ہی نہیں بلکہ سفارتی میدان میں بھی شکست دے چکے ہیں۔ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ ہندوستان کے جھوٹے پروپگنڈے کی دنیا بھر میں مذمت کی جا رہی ہے۔
تقریب میں حلقہ عمائدین اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں یوم تکبیر کی کامیابی کی یاد میں کیک بھی کاٹا گیا ۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کےتحفظ، استحکام ،معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا بھی کروائی گئی۔