تین روزہ 20 ویں پلاسٹک اینڈ پیکنگ انڈسٹری کی نمائش کا افتتاح

3

لاہور ، 29 مئی (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے تین روزہ 20 ویں پلاسٹک  اینڈ پیکنگ انڈسٹری کی نمائش کا افتتاح کردیا جس میں 30 ممالک سے پلاسٹک اینڈ پیکنگ انڈسٹری سے وابستہ 200 سے زائد کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ایکسپو سینٹر میں  تین روزہ نمائش 29 مئی سے 31 مئی تک جاری رہے گی۔ صوبائی وزیر نے ایکسپو سینٹر جوہر ٹاؤن میں نمائش کے افتتاح کے بعد سٹالز کا معائنہ کیا ۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹس کے حوالے سے نئی پالیسی لائی جارہی ہے جو کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد نافذ العمل ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ نئی پالیسی کے مطابق صنعتکاری کے فروغ کیلئے انڈسٹریل اسٹیٹس میں پلاٹوں کی قیمتیں کم کی جائیں گی۔ انڈسٹریز اسٹیٹس میں پراپرٹی کا کاروبار کرنے والے لینڈ مافیا کا خاتمہ کردیا ہے۔ اب انڈسٹریل اسٹیٹ میں 2سال کے اندر فیکٹری نہ لگانے والے کا پلاٹ کینسل ہوگا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ چین کے حالیہ دورے کے دوران   بڑے سرمایہ کار گروپوں سے پنجاب میں سرمایہ کاری کے حوالے سے معاہدے ہوئے ہیں ۔ چین کی وی وو موبائل کمپنی کا انڈسٹریل اسٹیٹ فیصل آباد میں پلانٹ لگ رہا ہے۔ آئندہ ڈیڑھ سال میں پنجاب میں وی وو موبائل فون بننا شروع ہو جائیں گے۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب میں نئی سرمایہ کاری لانا میرا عزم ہے۔ نئے کارخانے لگیں گے تو روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے ۔ انھوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ رہنے کیلئے شجر کاری کا فروغ ضروری ہے۔  وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت شجر کاری کے فروغ پر کام کر رہی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ نگران حکومت سے پہلے کی حکومت کا بلین ٹری پراجیکٹ کہیں نظر نہیں آتا۔ بلین ٹری پراجیکٹ صرف کاغذوں میں موجود ہے ۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہا کہ الیکٹرک وہیکلز سیکٹر کا  فروغ حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کوشش ہے کہ الیکٹرک وہیکلز مینوفیکچرنگ کے کارخانے پنجاب میں لگیں۔ غیر ملکی کمپنیاں پنجاب میں سرمایہ کاری کو ترجیح دے رہی ہیں۔ چین کی کمپنی پنجاب میں لیتھیئم بیٹریوں کا کارخانہ لگائے گی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان پیکجنگ انڈسٹری میں کافی آگے نکل چکا ہے۔ پیکجنگ انڈسٹری سے وابستہ بہت سی غیر ملکی کمپنیاں پنجاب میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہیں۔

صوبائی وزیر نے نمائش کے منتظمین کو نمائش کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔صوبائی وزیر نے نمائش کے منتظمین اور صنعتکاروں میں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔