لاہور، 6 جون (اے پی پی): وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بابر صاحب دین کے ہمراہ اندرون لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور عیدالاضحی کے موقع پر صفائی سے متعلق انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے ایل ڈبلیو ایم سی کے عید اسپیشل کیمپس کا افتتاح کیا، جہاں انہیں سی ای او بابر صاحب دین کی جانب سے خصوصی صفائی مہم، آلائشوں کی بروقت صفائی اور زیرو ویسٹ آپریشن کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔بلال یاسین نے مختلف گلیوں میں جا کر مقامی شہریوں کو عیدالاضحی صفائی مہم سے متعلق آگاہی فراہم کی اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ علاقے کی مختلف یونین کونسلز کے عمائدین نے وزیر ہاؤسنگ اور سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی کا پرتپاک استقبال کیا اور صفائی مہم میں تعاون کی یقین دہانی کروائی۔وزیر ہاؤسنگ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں بروقت ٹھکانے لگانے اور اپنے علاقوں کو صاف رکھنے کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی سے تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ، “عیدالاضحی کی نماز بادشاہی مسجد میں ادا کرنے کے بعد خود اندرون شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی مہم کا معائنہ کروں گا۔”بلال یاسین نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر زیرو ویسٹ مہم کے اہداف کو سو فیصد مکمل کیا جائے گا۔ اس ضمن میں تمام متعلقہ اداروں کو خصوصی عید آپریشن کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔