عیدالاضحی کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ, صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا محکمہ داخلہ کے کنٹرول روم کا دورہ

3

لاہور، 6 جون (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے آج محکمہ داخلہ پنجاب کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے عیدالاضحی کے موقع پر صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر محکمہ داخلہ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر قربانی کی کھالوں کے نظام کو باقاعدہ ریگولرائز کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی بدامنی یا غیرقانونی سرگرمی سے بچا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ سیکرٹری داخلہ نور الامین مینگل، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، کمشنرز، آر پی اوز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز سمیت تمام متعلقہ افسران متحرک اور فعال کردار ادا کر رہے ہیں تاکہ عید کے ایام میں امن و امان یقینی بنایا جا سکے۔خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ قانون کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، اور عیدالاضحی کے دوران پولیس اور دیگر ادارے کسی بھی غیر معمولی یا مشکوک سرگرمی پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت شہریوں کے تحفظ، امن کے قیام اور مذہبی تہوار کو پرامن ماحول میں منانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔