ملک کا صنعتی شعبہ ترقی کی راہوں پر گامزن ہے ،ہارون اختر خان

20

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ ملک کا صنعتی شعبہ ترقی کی راہوں پر گامزن ہے اور موجودہ بجٹ نہ صرف ملکی معیشت کے لیے انتہائی ریلسٹک ہے بلکہ عوام اور صنعتی شعبے دونوں کو فائدہ پہنچائے گا۔منگل کو  پارلیمنٹ ہاؤس میں بجٹ اجلاس کے بعد اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ “ہم نے اس بجٹ میں انتہائی متوازن اور حقیقت پسندانہ ٹارگٹس مقرر کیے ہیں، جس سے عوام کو ریلیف ملے گا اور صنعتی شعبہ مضبوط ہوگا۔ حکومت کی ترجیحات میں معاشی ترقی اور عوام کی فلاح اولیت رکھتے ہیں۔”ہارون اختر خان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی بدولت ملک کے معاشی استحکام کی راہ ہموار ہو گی۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ آئندہ تین سے چار سال میں ملکی معیشت میں مزید بہتری ائے گی اور عوام کو زیادہ ریلیز مل پائے گا۔

“ہم نے ایف بی آر کی کارکردگی میں بہتری لائی ہے، جس کے مثبت نتائج جلد نظر آنا شروع ہو گئے ہیں۔ یہ تمام اقدامات ملکی معیشت کو مستحکم کرنے اور عوام کی زندگی میں بہتری لانے کے لیے کیے گئے ہیں”، انہوں نے مزید کہا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ بجٹ عوامی فلاح و بہبود کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہو گا اور اس کی بدولت پاکستان ترقی اور استحکام کی منزلوں کی جانب تیزی سے بڑھے گا۔