اسلام آباد، 10 جون (اے پی پی): فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وائس پریذیڈنٹ طارق خان جدون نے بجٹ 2024-25 میں قومی شاہراہوں اور توانائی منصوبوں کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلے ملک کی ٹرانسپورٹ، معیشت اور توانائی کے شعبے کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے طارق خان جدون نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کوئٹہ-چمن شاہراہ کے لیے مختص کیا گیا ترقیاتی پیکیج قابل تعریف ہے، کیونکہ یہ علاقہ طویل عرصے سے بنیادی انفراسٹرکچر کی کمی کا شکار تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی شاہراہوں کو وسعت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ملک میں ٹرانسپورٹیشن کو آسان اور مؤثر بنایا جا سکے۔
انہوں نے باشا ڈیم کے لیے 32.5 ارب روپے کی رقم مختص کرنے کو بھی سراہا اور کہا کہ اس اقدام سے قومی گرڈ میں بجلی کی فراہمی میں اضافہ ہوگا۔ طارق خان جدون کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ 2032 تک مکمل ہونے کی امید ہے اور اس کے بعد سکی کناری اور باشا ڈیم جیسے منصوبے قومی توانائی نظام میں نمایاں اضافہ کریں گے۔











