نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ، ایشیا کا سب سے بڑا کینسر اسپتال بنے گا: خواجہ سلمان رفیق

3

لاہور، 11 جون (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے آج نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کا دورہ کیا، جہاں انہیں پروجیکٹ ڈائریکٹر اور آئی ڈیپ (IDAP) کی ٹیم نے منصوبے کی پیش رفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر خواجہ سلمان رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق عوام کیلئے ایشیا کا سب سے بڑا کینسر اسپتال تعمیر کیا جا رہا ہے، جہاں بین الاقوامی معیار کی طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس انسٹی ٹیوٹ میں لیول فور کے کینسر مریضوں کا بھی علاج ممکن ہوگا، جو کہ ایک بڑی پیش رفت ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ اسپتال کو چار مختلف فیزز میں مکمل کیا جائے گا، جبکہ پہلا فیز رواں سال کے اندر مکمل کر کے عوام کیلئے کھول دیا جائے گا۔ وزیر صحت نے منصوبے پر تیزی سے کام کرنے پر آئی ڈیپ کی ٹیم کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی اور کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف پنجاب بلکہ پورے پاکستان کے عوام کیلئے زندگی کی نئی امید بنے گا۔

واضح رہے کہ یہ اسپتال کینسر جیسے موذی مرض کے خلاف جدوجہد میں ایک نمایاں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جہاں جدید ترین ٹیکنالوجی، تحقیق اور علاج کو یکجا کر کے مریضوں کو عالمی معیار کی سہولیات مہیا کی جائیں گی۔