اسلام آباد جون11: عید الاضحی پر دارالحکومت میں مثالی صفائی پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی جانب سے سی ڈی اے کے سینٹری ورکرز کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے دن رات محنت سے فرائض سرانجام دینے پر سینٹری ورکرز کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا۔ ڈپٹی کمشنر۔ اے سیز اور فیلڈ ٹیموں کو مبارکباد دی۔
وزیرداخلہ محسن نقوی کا زیرو ویسٹ آپریشن میں حصہ لینے والے ملازمین کے لئے ایک بنیادی تنخواہ بطور انعام دینے کا اعلان کیا گیا۔ یومیہ اُجرت پر کام کرنے والے ورکرز کو 15 ہزار روپے فی کس دیئے جائیں گے۔
3 روز میں اسلام آباد کے شہری و دیہی علاقوں سے 2400 ٹن آلائشیں و ویسٹ کو اٹھا گیا۔ ڈرون کیمروں سے صفائی آپریشن کی نگرانی کی گئی۔2500 ورکرز اور 250 گاڑیوں نے زیرو ویسٹ آپریشن میں حصہ لیا۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ عیدالاضحی پر اسلام آباد میں زیرو ویسٹ آپریشن پر شہریوں نے بھرپور اطمینان کا اظہار کیا۔شہریوں کا اطمینان سی ڈی اے کی کارکردگی کا برملا اعتراف ہے۔
اسلام آباد کے شہریوں کا بھی شکریہ جنہوں نے صفائی کے حوالے سے فیلڈ ٹیموں سے پورا تعاون کیا۔افسران سے لے کر ملازمین تک سب نے ایک ٹیم بن کر ڈلیور کیا۔سی ڈی اے، ایم سی آئی اور ڈسٹرک ایڈمنسٹریٹریشن، اسلام آباد پولیس، سیف سٹی اور ٹریفک پولیس نے شبانہ روز کام کیا۔ تمام محکموں نے ہم آہنگی کے ساتھ کام کیا اور ادارہ جاتی تفریق سے ہٹ کر صرف عوامی خدمت کو ترجیح دی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے مؤثر مانیٹرنگ پر سیف سٹی ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی۔اسلام آباد شہر کو اپنا سمجھ کر اس کو صاف ستھرا اور سر سبز رکھنا ہے،اسلام آباد کو ہم سب نے مل کر بین الاقوامی معیار کا شہر بنانا ہے۔چئیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور فیلڈ ٹیموں کا شکریہ ادا کیا۔
وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا، چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا، آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی، ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن، ڈی جی سیف سٹی اور متعلقہ افسران نے تقریب میں شرکت کی۔