لاہور، 12 جون (اے پی پی): وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمانہ کارکردگی اور آئندہ مالی سال کے ترقیاتی اہداف کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری ہاؤسنگ نور الامین مینگل، اسپیشل سیکرٹری طیب فرید اور ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل عمر فاروق نے محکمانہ امور پر بریفنگ دی۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے ہاؤسنگ سلطان باجوہ بھی اجلاس میں شریک ہوئے، جبکہ صوبے بھر کی ڈویلپمنٹ اتھارٹیز اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹس کے ڈائریکٹر جنرلز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران رواں مالی سال کے حاصل شدہ اہداف کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ سال کے لیے مجوزہ منصوبوں اور سفارشات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے کہا کہ آئندہ مالی سال پنجاب کی تاریخ میں ترقیاتی منصوبوں کا سب سے شاندار سال ہوگا۔ تحصیل سطح پر عوامی ریلیف کے منصوبوں کا آغاز کیا جائے گا تاکہ ترقی کے ثمرات نچلی سطح تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے محض کاغذی منصوبوں کی بجائے عملی اقدامات پر فنڈز مختص کیے ہیں۔ ہماری ترجیح بہترین معیار اور تیز رفتاری سے اہداف کا حصول ہے۔ بلال یاسین نے مزید کہا کہ صوبے بھر میں نکاسی آب کے منصوبوں کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا، اور واٹر فلٹریشن پلانٹس کا مربوط نیٹ ورک قائم کیا جائے گا تاکہ عوام کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔