لاہور، 13 جون(اے پی پی): حکومت پنجاب نے اقلیتی نوجوانوں کی تربیت کے لیے ایک اہم اقدام کیا ہے جس کے تحت 15 اقلیتی لڑکے لڑکیوں کو سول سروسز اکیڈمی میں 3 ماہ کی تربیت دی جائے گی۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ کی زیر صدارت اجلاس کے دوران کہا گیا کہ یہ اقدام اقلیتی نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور ملک کی خدمت کے لیے آگے لانے کی کوشش کی ایک کڑی ہے۔ تمام اخراجات محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور پنجاب برداشت کرے گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ تو محض آغاز ہے، آگے مزید اقلیتی طلبہ کو بھی یہی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ یہ اقدام حکومت پنجاب کی اقلیت دوست اور تعلیم دوست پالیسی کی عکاسی کرتا ہے جس کی بدولت اقلیتی نوجوان بھی اعلیٰ سرکاری عہدے حاصل کر سکیں گے۔ انھوں نے کہا کہ اس پروگرام سے اقلیتی نوجوانوں کو خود اعتمادی ملے گی۔ نوجوانوں نے وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ محنت کر کے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔











