پورا عالم اسلام اسرائیلی جارحیت کیخلاف ایران کے ساتھ کھڑا ہے ، آج پوری امت کو وحدت کی ضرورت ہے ،طاہر محمود اشرفی

3

لاہور۔15جون  (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پورا عالم اسلام اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایران کے ساتھ کھڑا ہے ، آج پوری امت کو وحدت کی ضرورت ہے ،افواج پاکستان کے خلاف مذموم مہم چلانے والے ملک کے خیر خواہ نہیں،نیتن یاہو اور نریندر مودی دنیا کے سب سے بڑے دہشت گرد ہیں ،ایران کو نقصان اس کے اندورنی غداروں نے پہنچایا ،ایران پر حملہ گریٹر اسرائیل کی جانب پہلا قدم ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں پریس کلب لاہور میں سردار محمد خان لغاری کے بارے میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر  جمعیت علماء پاکستان سواد اعظم کے صدر پیر محمد محفوظ مشہدی ،علامہ نصیر احمد اویسی، مولانا سلیم اللہ عثمانی و دیگر علماء کی کثیر تعداد موجود تھی ۔طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اسرائیل نے ایران پر اس سازش کے تحت حملہ کیا کہ عالم اسلام دو گروپوں  یعنی (شیعہ اور سنی )میں تقسیم ہو جائے گا لیکن اللہ تعالی کے فضل و کرم سے اس کی یہ سازش ناکام ہو گئی، آج بھی پورا عالم اسلام ایک بند مٹھی کی طرح متحد ہے ،ایران پر اسرائیلی حملے کی سب سے پہلے مذمت سعودی عرب نے کی اور پوری مسلم امہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایران کے ساتھ کھڑی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے ایران پر حملہ کر کے پورے خطے کے امن کو دائو پر لگا دیا ہے ، بھارتی وزیر اعظم  اور اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو دنیا کے سب سے بڑے دہشت گرد ہیں  اور خطے میں امن وخوشحالی کی بہت بڑی رکاوٹ ہیں ، ایک ماہ پہلے بھارت نے اسرائیل کے ساتھ مل کر پاکستان پر حملہ کیا،اللہ تعالی نے معرکہ حق میں پاکستان کو سرخرو کیا اوردشمن  کے قیمتی طیارے مار گرائے جس سے دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن عناصر نے  جن ملکوں کی فوج کمزور ہو ئی ان میں افراتفری اورتقسیم پیدا کرنے کی کوشش کی ،ایران پر اسرائیل کا حملہ اس کے اپنے اندرونی غداروں کی وجہ سے ہوا ،ایران اپنے بیرونی غداروں کا مقابلہ تو کر ہی رہا ہے لیکن اسے سب سے زیادہ نقصان اس کے اپنے اندرونی غدار پہنچا رہے ہیں  جن کا سب سے پہلے محاسبہ کرنا ہو گا ۔طاہر اشرفی نے کہا کہ عراق، یمن ، لیبیا،لبنان اور شام کے حالات سب کے سامنے ہیں  وہاں پر اسلام کے دشمنوں نے فوج اور عوام کو آپس میں تقسیم کر کے  وہاں کے دفاعی نظام کوکمزور کیا،آج پاکستان میں وحدت کی ضرورت ہے ،  یہاں پر بھی فوج اور عوام کو تقسیم کرنے سازش کی جارہی ہے ،پاک افواج کے خلاف مہم چلانے اور اس کا حصہ بننے والے پاکستان کے خیر خواہ نہیں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اگر خدا نخواستہ ہمارے پاس ایٹمی طاقت نہ ہوتی اور ایک محب وطن سپہ سالار نہ ہوتا تو ایران سے پہلے اسرائیل نے پاکستان پر جارحیت کرنا تھی لیکن یہ اللہ کا احسان ہے کہ پاکستان کا دفاعی نظام مضبوط ہاتھوں میں ہے اور الحمداللہ ہم ایٹمی قوت ہیں ، اسرائیل پاکستان پر حملہ کرنے سے پہلے سو بار سوچے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے،پاکستان اپنے دوست ممالک کو جانتا ہے،اسرائیل  چاہتا ہے خطے میں مزید جنگ پھیلے،بھارت ہندوتوا اور اسرائیل گریٹر اسرائیل چاہتا ہے، ایسا کر کے یہ دنیا کو خطرے میں ڈالنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایران پر حملہ اسازش کو واضح کرتا ہے کہ آئندہ چند روز میں اقوام متحدہ میں ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام  کے حوالے سے منعقد ہونے والی کانفرنس کو ناکام بنانے کیلئے اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اور حکومت ایران کیساتھ کھڑی ہے،،پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے وزرا خارجہ  خطے میں امن کیلئے کوشاں ہیں، بہت جلد ایک آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام عمل میں آئے گا جس کا دارالخلافہ ” القدس شریف” ہو گا  ۔ طاہر اشرفی نے کہا کہ دنیا میں جب بھی مسلمانوں کیخلاف مشکل وقت آیا مولانا محمد خان لغاری نے مسلمانوں کو یکجا کیا،ملی کونسل، متحدہ مجلس عمل میں علما کو یکجا کرنے میں مولانا محمد خان لغاری نے سب کو متحدکئے رکھا، وہ اسلام کے ایک سچے سپاہی تھے اور انسانی حقوق کے علمبردار تھے ،اسلام کی سربلندی کے حوالے سے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔