ملتان 17 جون) اے پی پی)حکومت پنجاب، پی ڈی ایم اے اور سیکریٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہ امتیاز) کی ہدایت پر پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122) ملتان نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں کی قیادت میں دریائے چناب کے مقام ہیڈ محمد والہ پل کے قریب ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے بڑی سطح پر عملی مشقوں کا انعقاد کیا۔
ان عملی مشقوں میں ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور اس کے ر ضاکاروں، لائیوسٹاک، ہائی وے، میٹروپولیٹن کارپوریشن، سول ڈیفنس،سوشل ویلفیئر اور دیگر متعلقہ اداروں نے بھرپور شرکت کی۔ تمام اداروں نے اپنی پیشگی طے شدہ ذمہ داریوں کے مطابق کیمپس قائم کیے اور فرضی سیلابی حالات میں اپنی خدمات کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔مشقوں کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر ملتان حامد وسیم سند ھو تھے ان عملی مشقوں میں پاک آرمی،اور پی ڈی ایم اے کے عہددراں نے بھی شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے مشقوں کا معائنہ کیا اور ریسکیو 1122 سمیت تمام اداروں کی تیاریوں کو سراہا۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں اور ایمرجنسی آفیسر انجینئر محمد بلال نے مہمان خصوصی کو ریسکیو کی تیاریوں کے بارے میں آگاہ کیا اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے فرضی مشق میں کشتی کے ذریعے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے اور فیلڈ ہسپتال منتقلی کا عملی مظاہرہ کیا۔ اس کے ساتھ تیراکی کے ذریعے متاثرین کو ریسکیو کرنے اور غوطہ خوروں نے ڈوبتے ہوئے افراد کو بچانے کی مہارتیں بھی پیش کی۔
ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کیا گیا جو ضلعی کنٹرول روم سے مربوط رہا، جبکہ ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر ارشد خان نے ٹیمز کی قیادت کی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر حامد وسیم سند ھو نے ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کی تیاریوں کو قابلِ ستائش قرار دیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ریسکیو1122 اور دیگر ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
ڈاکٹر حسین میاں نے کہا کہ ان مشقوں کا مقصد اداروں کے مابین ہم آہنگی، وسائل کی جانچ، اور ریسپانس کی بروقت تیاری کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 ملتان ممکنہ سیلابی صورتحال اور دشمن ملک کی آبی جارحیت سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔انہوں نے ریسکیورز کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارا فخر ہیں اور دوسروں کے لیے رول ماڈل بھی، جس جذبے سے آپ روزانہ عوام کی خدمت کرتے ہیں، اسی طرح خود کو ممکنہ سیلابی ایمرجنسی کے لیے بھی تیار رکھیں۔ریسکیو 1122 ملتان ہر قسم کی ایمرجنسی میں متاثرین کی بروقت مدد کو اپنی اولین ترجیح سمجھتا ہے۔