لاہور 18 جون (اے پی پی): وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیر صدارت پیکٹا کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس منعقد ہوا ،۔
اجلاس کے فیصلوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے علاؤہ نصابی کتب، ٹیک کورسز، مذہبی سلیبس، اساتذہ کی اسسمنٹ اور ٹیچر ٹریننگ سمیت متعدد اہم معاملات زیر بحث آئے۔
اجلاس میں وزیر تعلیم نے غیر مسلموں کیلئے ان کے مذہب کی بجائے اقلیت کا لفظ استعمال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ تعلیم کے اجلاسوں میں غیر مسلموں کیلئے ہندو، کرسچن وغیرہ کی بجائے مائینوریٹی کی اصطلاح اپنائی جائے اور مشترکہ لفظ استعمال کر کے ان کے وقار کا خیال رکھا جائے۔
رانا سکندر حیات نے اساتذہ کی اسسمنٹ کیلئے گلوبل ماڈل کے مطابق جائزے کا فریم ورک بنانے اور ٹیچر ٹریننگ گلوبل ماڈل کے جدید پیٹرن کے مطابق کرنے کے ساتھ ساتھ پنجاب ایگزامینیشن کمیشن، پی سی ٹی بی اور قائد کے مختلف محکموں میں ڈیپوٹیشن پر گئے تمام افسران کی ڈیپوٹیشن پر نظر ثانی کے احکامات دئیے۔
اس موقع پر وزیر تعلیم نے پیکٹا کے بورڈ آف گورنرز کی اقلیتی خاتون رکن کو اکیڈمک کمیٹی میں شامل کرنے اور ان کی آراء سے استفادہ کی بھی ہدایت کی۔