لیبر سیفٹی اور کم از کم اجرت پر اہم اجلاس، مزدوروں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا – فیصل ایوب کھوکھر

21

لاہور، 18 جون (اے پی پی): صوبائی وزیر برائے لیبر پنجاب فیصل ایوب کھوکھر اور کمشنر لاہور ڈویژن کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر لیبر سیفٹی اقدامات اور کم از کم اجرت کی ادائیگی کے سلسلے میں پیشرفت اور مستقبل کی منصوبہ بندی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مزدوروں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے صوبائی محکمے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر ایک مؤثر میکانزم مرتب کریں گے۔ اسسٹنٹ کمشنرز کو فیلڈ میں جا کر مزدوروں کے لیے حفاظتی اقدامات کی مانیٹرنگ کی خصوصی ہدایات جاری کی گئیں۔ صوبائی وزیر لیبر نے واضح کیا کہ ایل ڈی اے، واسا، ایم سی ایل اور دیگر متعلقہ اداروں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ سرکاری و نجی شعبے میں مزدوروں کی سیفٹی اور کم از کم اجرت کی مکمل پاسداری کو یقینی بنائیں۔ فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق ایک مزدور کا تحفظ دراصل ایک خاندان کا تحفظ ہے، اور اس مقصد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیکٹرز میں لیبر کے لیے سیفٹی ایس او پیز کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے گا اور اس حوالے سے مسلسل اجلاس بھی کیے جائیں گے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ لیبر قوانین کے تحت لاپرواہی سے مزدور کی موت کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی، جبکہ کم وسائل یا حفاظتی سامان کے بغیر مزدور سے کام لینا جرم تصور ہوگا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 2019ء کے لیبر لاز ایکٹ کے تحت سیفٹی اور مزدور حقوق کی خلاف ورزی پر کارروائیاں کی جا سکتی ہیں، اور قوانین کو مزید جامع بنانے کا عمل بھی جاری ہے تاکہ مزدور کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ کنسٹرکشن سائٹس پر قوانین کے سخت اطلاق کی ہدایات بھی جاری کی گئیں، اور کہا گیا کہ لیبر قوانین اور سیفٹی ایس او پیز کا ہر صورت میں نفاذ کیا جائے گا۔