لاہور، 18 جون (اے پی پی): گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے صدر پیپلز لائرز فورم لاہور ڈویژن میاں شاہد عباس کی قیادت میں ہائی کورٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملکی، سیاسی، عدالتی اور بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر پنجاب نے کورٹ رپورٹرز کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیا اور وکلاء برادری جمہوریت اور عدل و انصاف کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے بعد عدالتی نظام میں بہتری آئی ہے،تاہم اصلاحات کا عمل جاری رہنا چاہیے تاکہ ادارے مزید مضبوط ہوں۔ بین الاقوامی تناظر میں گفتگو کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر نے ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ جنگ جتنی لمبی ہوگی، نقصان اتنا ہی بڑھتا جائے گا۔ اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور عالمی طاقتوں کو مداخلت کر کے کشیدگی کم کرنی چاہیے تاکہ انسانی جانوں کا تحفظ ممکن ہو۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے اور خطے میں استحکام چاہتا ہے۔ ہماری مسلح افواج دنیا کی بہترین فوجوں میں شمار ہوتی ہیں اور ہر قسم کے خطرے سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ سیاسی حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور ملک کی ترقی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کا ایک پیج پر آنا خوش آئند ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ اتحاد ملک کے استحکام اور جمہوری تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔
وفد نے گورنر ہاؤس کے دروازے عوام کے لیے کھولنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا اور گورنر پنجاب کے جمہوریت دوست اقدامات کو سراہا۔ وفد میں اعظم بٹ، افضل ایوب، عبدالرحمن، ذوالفقار احمد، عظیم ملک، شاہدہ ملک، ملک مظہر اور دیگر صحافی شامل تھے۔











