رکن قومی اسمبلی اظہر قیوم ناہرہ کا بجٹ اجلاس 2025-26 میں اظہار خیال: قومی یکجہتی، افواجِ پاکستان کو خراج تحسین اور کسانوں کے لیے ریلیف پیکج پر زور

1

اسلام آباد، 19 جون )اے پی پی):رکن قومی اسمبلی اظہر قیوم ناہرہ نے جمعرات کو قومی اسمبلی میں بجٹ اجلاس 2025-26 کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے حالیہ بھارتی جارحیت کے دوران افواجِ پاکستان کے حوصلے، عزم اور قربانیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے متحد ہو کر دشمن کو یہ پیغام دیا ہے کہ حالات جیسے بھی ہوں، ہم اپنی حکومت اور پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع کے لیے پوری قوم ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی ہے۔

انہوں نے مزدوروں اور کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسان اس ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کے لیے ایک جامع ریلیف پیکج متعارف کرایا جانا چاہیے تاکہ وہ بہتر انداز میں ملکی معیشت میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

اظہر قیوم ناہرہ نے اپنے خطاب کے اختتام پر ایران پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی اور وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیر دفاع خواجہ آصف کو خراجِ تحسین پیش کیا کہ انہوں نے ایران کے ساتھ یکجہتی کے حوالے سے ایک واضح اور مؤثر موقف اختیار کیا، جو قابلِ تحسین ہے۔