اسلام آباد 16 جون(اے پی پی) ممبر قومی اسمبلی مسرت رفیق نے قومی اسمبلی کے جاری بجٹ اجلاس 2025-26 میں اظہار خیال کرتے ہوئے ایران پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کی بہادری، قربانی اور کمٹمنٹ کے باعث اللہ کے فضل سے ملک آج ہر ظالم کی نگاہ سے محفوظ ہے۔ مسرت رفیق نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو عالمی سطح پر کامیاب سفارت کاری پر مبارک باد دی اور کہا کہ انہوں نے پاکستان کا مؤقف خوبصورتی سے دنیا کے سامنے رکھا اور دشمن کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کیا۔
اپنی تقریر میں انہوں نے معاشی اصلاحات پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس نیٹ کو وسعت دی جائے تاکہ قومی آمدن میں اضافہ ہو اور ملک خود کفالت کی جانب بڑھے۔ انہوں نے تجویز دی کہ سولر سسٹمز پر عائد 18 فیصد ٹیکس ختم کیا جائے تاکہ عوام کو سستی توانائی فراہم کی جا سکے۔
مسرت رفیق نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی افادیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام براہ راست غریب عوام کو ریلیف فراہم کر رہا ہے اور اس کے دائرہ کار کو مزید بڑھایا جانا چاہیے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوامی ریلیف کے اقدامات کو ترجیح دی جائے اور پائیدار ترقی کی راہ میں درپیش رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔