پوری امت مسلمہ کو آج واحدت اور اتحاد کی اشد ضرورت ہے,مولانا عبدالخبیر آزاد

1

ملتان:22جون  (اے پی پی)مرکزی رویت ہلال کمیٹی و مجلس علماء پاکستان کے  چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ پوری امت مسلمہ کو آج واحدت  اور اتحاد کی اشد  ضرورت ہے،اقوام متحدہ کو ایران پر اسرائیل نے جو حملے کیے ہیں اس پر نوٹس لینا چاہیے،جنگ کسی مسلے کا حل نہیں ہے،پاکستان امن کا خواہاں ہے،امن کیلئے پوری دنیا کو کردار ادا کرنا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں اتحاد بین المسلمین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ شہر اولیاء میں بین المسلمین کا قافلہ موجود ہے ،تمام مکاتب فکر کی ہم آہنگی کے اس سفر کا کریڈیٹ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کو جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ  اسلام کی تعلیمات ہیں کہ تفرقہ بازی میں مت بنٹو، پیارے نبی محمد (صل اللہ علیہ و آلہ وسلم ) نے فرمایا کہ بہترین مسلمان وہ کے جس کے ہاتھ سے دوسرا محفوظ رہے، آج ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے غیر متزلزل دفاعی کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،اگر ہماری افواج مضبوط نہ ہوتیں تو آج ہم بھی عراق اور لیبیا کی طرح ٹوٹ چکے ہوتے۔مولانا عبدالخبیر آزاد نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بہترین قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سلامتی، خودمختاری اور قومی وحدت کے تحفظ میں ان کا کردار قابلِ تحسین ہے،پوری قوم اپنے سپہ سالار کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔مولانا عبدالخبیر آزاد نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا دشمن مکار، عیار اور جھوٹا ہے، جس نے بے بنیاد الزامات اور جھوٹے پروپیگنڈا کر کے پاکستان پر حملہ کیا، مگر پاک فوج اور حکومت نے موثر دفاع کرتے ہوئے دنیا کو بتایا کہ پاکستان اپنا دفاع کرنا جانتا ہے۔چیئرمین مرکزی روئیت حلال کمیٹی نے کہا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہےجو کلمہ طیبہ کی بنیاد پر قائم ہوا،آج ہمیں اسی جذبے سے وطن عزیز کے تحفظ میں کردار ادا کرنا ہے، جیسا کہ ہمارے بزرگوں نے پاکستان کے قیام میں ادا کیا تھا۔محرم الحرام کے حوالے سے مولانا عبدالخبیر آزاد نے تمام مکاتب فکر کے علماء پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ امن، رواداری اور وحدت کا پیغام دیں،ہمیں” اپنے مسلک کو چھوڑو نہ اور کسی کے مسلک کو چھیڑو نہ “کا اصول اپنانا ہوگا،ہم اپنے ملک میں فرقہ واریت کو بڑھنے نہیں دیں گے،  ہم سب اپنے سپہ سالار عاصم منیر کے ساتھ کھڑے ہیں،جو پیغام پاکستان کو لے کر چل رہے ہیں جس میں ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانا حرام ہے، دہشت گردی، فرقہ واریت حرام ہے ۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں مجالس کے اوقات جلوسوں کے روٹ اور اوقات جو انتظامیہ سے طے ہو چکا ہے اسکی پابندی کی جائے۔انہوں نے خبردار کیا کہ کوئی بھی خطیب یا ذاکر اگر اشتعال انگیزی کرے گا یا فرقہ واریت کو پھیلائے گا تو قانون حرکت میں آئے گا۔مولانا عبدااخبیر آزاد نے زور دیا کہ  محرم میں  حضرت عمر فاروق اور امام حسین کے شہادت کے ایام ہیں ، ان ایام می مجالس و جلوس نکالے جائیں گے ہمیں دھیان کرنا ہوگا کہ کسی کو دل اعزاری نہ ہوں،شہادت حضرت عمرؓ اور امام حسینؓ کے ایام میں نکالے جانے والے جلوس اور مجالس طے شدہ روٹس اور اوقات کے مطابق ہوں، تاکہ کسی کو دل آزاری نہ ہو،محرم الحرام میں امن و امان کے لیے ہمیں پولیس ، ضلعی و ڈویژنل انتظامیہ کا دست بازو بننا ہے۔عالمی صورتحال پر بات کرتے ہوئے مولانا عبدالخبیر آزاد نے غزہ اور ایران پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کو اسرائیلی حملوں پر فوری نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، پاکستان امن کا خواہاں ہے اور دنیا میں بھی امن چاہتا ہے، اللہ پاک ہمارے برادر ملک ایران کی حفاظت فرمائے۔اس دوران مولانا عبدالخبیر آزاد نے شہداء آپریشن بنیان المرصوص کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ امن اور اتحاد کیلئے علما کرام کا کردار کلیدی ہے،لوگ علماء کو سنتے ہیں، علماء لوگوں کو  محبت اور اتحاد کا درس دیں،.بین المسالک ہم آہنگی، اتحادِ امت اور قومی دفاع کے اس پیغام کو آگے بڑھانے کے لیے علماء، حکومت اور عوام کو مل کر کام کرنا ہوگا، تاکہ وطن عزیز امن کا گہوارہ بن سکے۔اس موقع پر دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں اتحاد،محبت اور امن کے فروغ پر زور دیا۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر ملتان،سی پی او ملتان سمیت ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے دیگر افسران سمیت ڈویژن بھر سے امن کمیٹیوں کے عہدیدارن  اور علماء کرام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر ملک پاکستان کی امن و سلامتی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔