ملتان ،21 جون (اے پی پی ):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے ملتان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے دستیاب سہولیات، ادویات کی فراہمی اور علاج سے متعلق گفتگو کی۔دورہ کے دوران مریضوں اور لواحقین نے دستیاب سہولیات اور بروقت ادویات کی فراہمی پر اظہار اطمینان کیا۔ کمشنر عامر کریم خاں نے ہسپتال انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ترقیاتی کاموں کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔کمشنر عامر کریم خاں نے محکمہ بلڈنگ کو ہدایت کی کہ سرائے جون کے آخر تک ہسپتال کی نئی عمارت ہینڈ اوور کر کے مکمل طور پر آپریشنل کی جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہسپتال میں جاری تمام ترقیاتی سکیمیں جلد از جلد مکمل کی جائیں۔اس موقع پر کمشنر نے واضح کیا کہ چار نئے آپریشن تھیٹرز کو ہر صورت 5 جولائی تک مکمل فنکشنل کیا جائے تاکہ مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور ان کا مقصد عوام کو معیاری، بروقت اور مفت علاج کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ایم ایس انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ڈاکٹر ریاض نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہسپتال کے 5 آپریشن تھیٹرز مکمل طور پر آپریشنل ہیں، جبکہ 4 نئے آپریشن تھیٹرز تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔اس موقع پر ڈاکٹر فرحان، ڈاکٹر اسد اور دیگر متعلقہ عملہ بھی موجود تھا۔