لاہور، 21 جون (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے چین کے شین ڈونگ ڈائے بائیو ٹیکنالوجی گروپ کے چیئرمین مسٹر لو یونگشئن نے پیسک ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب میں فرٹیلائزر، ایکوا کلچر اور پیٹ فوڈ انڈسٹری کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ مسٹر لو یونگشئن نے بتایا کہ ان کا گروپ پاکستان میں تین مراحل میں 100 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے 10 فیڈ فیکٹریاں لگانے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے انہیں پنجاب کے اسپیشل اکنامک زونز میں دستیاب سرمایہ کاری کی سہولیات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری پر 10 سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری کی درآمد کی سہولت دی جاتی ہے۔ سرمایہ کار ان زونز میں صنعتی یونٹس لگانے کے لیے 30 سال کی لیز یا کرایہ پر زمین بھی حاصل کر سکتے ہیں، جس میں ضرورت کے مطابق توسیع کی جا سکتی ہے۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ چین کی متعدد کمپنیوں نے پہلے ہی پنجاب میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے اور مزید چینی سرمایہ کار بھی دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے شین ڈونگ ڈائے بائیو ٹیکنالوجی گروپ کی جانب سے سرمایہ کاری کے ارادے کا خیر مقدم کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ حکومت پنجاب ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایکوا کلچر سیکٹر میں حکومت پنجاب اربوں روپے کی سرمایہ کاری کر رہی ہے اور پیٹ فوڈ انڈسٹری میں سرمایہ کاری کے لیے یہی بہترین وقت ہے، کیونکہ اس شعبے کے لیے مطلوبہ خام مال بھی پنجاب میں دستیاب ہے۔ صوبائی وزیر نے چین کی کمپنی کو پیٹ فوڈ انڈسٹری میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔ اس ملاقات میں پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران ہاشمی اور چینی کمپنی کے دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔