اسلام آباد۔23جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ادائیگیوں کے ڈیجیٹل نظام راست کو وفاق سمیت تمام صوبوں میں قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہےکہ معیشت میں شفافیت لانے کے لیے ڈیجیٹل لین دین کا نظام قائم کرنا انتہائی اہم ہے،پوری دنیا میں ترقی یافتہ ممالک اور کامیاب معیشتوں میں کیش لیس نظام کو ترجیح دی جا رہی ہے
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کیش لیس اکانومی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈیجیٹل پیمنٹس انوویشن اینڈ ایڈاپشن کمیٹی، ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کمیٹی اور گورنمنٹ پیمنٹس کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی،یہ خصوصی سب کمیٹیاں عوام اور کاروباری افراد کے درمیان ادائیگیوں کے لیے سہولیات فراہم کرنے، ڈیجیٹل نظام سے متعلق آگاہی، پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کو فعال کرنے، قومی ڈیجیٹل ماسٹر پلان بنانے اور حکومت اور نجی شعبے کے درمیان لین دین کو آسان بنانے کے حوالے سے سفارشات پیش کریں گی۔
وزیراعظم نے کیش لیس نظام کو فروغ دینے کے لیے ڈیجیٹل لین دین کو عوام کے لیے کیش کی نسبت ارزاں اور آسان بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے ادائیگیوں کے ڈیجیٹل نظام راست کو وفاق سمیت تمام صوبوں میں قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ معیشت میں شفافیت لانے کے لیے ڈیجیٹل لین دین کا نظام قائم کرنا انتہائی اہم ہے،پوری دنیا میں ترقی یافتہ ممالک اور کامیاب معیشتوں میں کیش لیس نظام کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ لین دین اور ادائیگیوں کے ڈیجیٹل نظام کے قیام کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال عمل میں لایا جائے،بینکاری نظام کے تحت گردش کرنے والی رقوم کو حکومتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے سرکاری اور نجی شعبوں کے درمیان لین دین کو کیش لیس بنانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں کیش لیس نظام قائم کرنے کے لیے اقدامات کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس وقت راست سسٹم سے 4 کروڑ صارفین مستفید ہو رہے ہیں جن کی تعداد بڑھانے کے لئے متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں،وفاقی حکومت کے تمام مالی لین دین راست سسٹم کے ذریعے کیے جا رہے ہیں اور یہ نظام صوبوں میں بھی لاگو کیا جارہا ہے ۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ فنٹیک اس ایکو سسٹم کی ایک اہم کڑی ہے،پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی قائم کی جا چکی ہے اور اس کے تحت ملکی معیشت کو کیش لیس بنانے پر کام جاری ہے،ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کمیٹی وفاقی وزارت آئی ٹی کی قیادت میں کام کرے گی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ کیش لیس پاکستان سٹیئرنگ کمیٹی وزارت آئی ٹی سیکریٹریٹ میں قائم ہے،سمارٹ اسلام آباد پائلٹ منصوبے کے تحت وزارت آئی ٹی اسلام آباد کو پاکستان کا پہلا کیش لیس شہر بنانے کے لیے اقدامات لے رہی ہے۔اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ، وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، گورنر سٹیٹ بینک، چیئرمین ایف بی آر اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے