اسلام آباد،23 جون (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے بروز پیر پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان کا مؤقف عالمی سطح پر مؤثر انداز میں پیش کیا گیا، جسے بین الاقوامی برادری نے پذیرائی دی۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے ہر بین الاقوامی فورم پر بھارت کے جھوٹ کو بے نقاب کیا، اور ان کی ٹیم نے حالیہ بیرونی دوروں کے دوران تقریباً 70 اہم ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان کا امن پر مبنی بیانیہ اجاگر کیا گیا۔
شازیہ مری نے پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ بار بار اپنا بیانیہ تبدیل کرتی ہے اور اس کا رویہ ایوان میں افسوسناک رہا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر عبدالقادر پٹیل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے اسرائیلی جارحیت کی مذمت تک نہیں کی،جو ان کے رویے کو مزید مشکوک بناتا ہے۔
عبدالقادر پٹیل نے اس موقع پر اپیل کی کہ یہ وقت ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں یک زبان ہو کر ملک کے مفاد میں متحد ہوں اور قومی سلامتی، کشمیر، اور فلسطین جیسے حساس معاملات پر یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔











