محکمہ سوشل ویلفیئر ملتان کے زیر اہتمام معذور میں معاون آلات تقسیم کرنے کی تقریب کا اہتمام

3

ملتان، 25جون(اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فلیگ شپ پروگرام کے تحت محکمہ سوشل ویلفیئر ملتان کے زیر اہتمام ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ملتان، میڈم ام فروا ہمدانی کی سربراہی میں افراد باہم معذور میں معاون آلات تقسیم کرنے کی تقریب رضا ہال ضلع کونسل ملتان میں منعقد ہوئی۔

سابق صوبائی وزیر پنجاب رانا اعجاز احمد نون، ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو، ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ملتان ام فروا ہمدانی، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ملتان عبدالعزیز خان نے معذور افراد میں معاون آلات تقسیم کئے. معذور افراد میں 19 وہیل چیئرز اور 2 آلہ سماعت تقسیم کیے گئے، معذور افراد نے معاون آلات ملنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

 تقریب کے مہمان خصوصی  سابق صوبائی وزیر پنجاب رانا اعجاز احمد نون نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد میں معاون آلات کی تقسیم وزیراعلیٰ پنجاب کا منفرد اور شاندار اقدام ہے حکومت افراد باہم معذور کی زندگی آسان بنانے کیلئے معاون آلات دے رہی ہے وہیل چیئرز ملنے سے خصوصی افراد نقل و حرکت کیلئے دوسرے کی مدد کے محتاج نہیں رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو ہمت دی کہ وہ معذور افراد کی بحالی کیلئے کام کررہی ہیں۔

 ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے عوامی خدمت کے مشن کو جاری رکھا ہوا ہے، ایسے میں معذور افراد کو تنہا نہیں چھوڑا گیا اور معذور افراد کو سہارا دیا گیا ہے۔

 ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ملتان، میڈم ام فروا ہمدانی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے معاون آلات کی فراہمی کا منصوبہ محض ایک فلاحی اقدام نہیں، بلکہ ایک سوچ کی تبدیلی ہے۔

اس موقع پر صدر سوسائٹی فار سپیشل پرسنز میڈم زاہدہ حمید قریشی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد شفیق، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر سجاد حسین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد اقبال سہو، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد عاقب، اسسٹنٹ ڈائریکٹر مزمل قریشی، پبلک ریلیشن آفیسر ٹو ڈپٹی  کمشنر ملتان وسیم یوسف اور پبلک ریلیشن آفیسر ٹو ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ملتان محمد نبیل خان بھی موجود تھے۔