لاہور، 29 جون (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزراء نے رات گئے محرم الحرام کے سلسلے میں یوم عاشورہ کے مرکزی جلوس کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔صوبائی وزیر برائے لیبر ملک فیصل ایوب کھوکھر نے نثار حویلی، کربلا گامے شاہ اور پانڈو سٹریٹ امام بارگاہ کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین، وزیراعلیٰ کی معاون خصوصی ثانیہ عاشق، اور سی سی پی او لاہور بھی موجود تھے۔دورے کے دوران وزراء کو پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ فیصل ایوب کھوکھر نے جلوس کے روٹس پر سکیورٹی کےساتھ ساتھ بارشوں کے پیش نظر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے جلوس و مجالس کے منتظمین کو حکومت پنجاب کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام میں امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔منتظمین نے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے تعاون کو سراہا۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ مجالس و جلوس کے تمام روٹس اور حساس مقامات پر سکیورٹی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔صوبائی وزیر ملک فیصل ایوب کھوکھر نے اہل لاہور سے اپیل کی کہ وہ سکیورٹی کے ضمن میں پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں ۔