لاہور، 29 جون(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت شروع کیے گئے “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام نے محنت کش طبقے کے لیے خوشیوں کے دروازے کھول دیے۔ کرایے کے جھنجھٹ سے نجات اور گھر کی ملکیت نے مستحق خاندانوں کی زندگی بدل دی ہے۔وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین اور سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے لاہور کے علاقے برکی روڈ پر واقع زیر تعمیر اور مکمل شدہ گھروں کا دورہ کیا۔ ان گھروں کی تعمیر بلاسود قرضوں کے تحت ممکن ہوئی ہے، جنہیں بغیر کسی سفارش اور سیاسی وابستگی کے مکمل میرٹ پر فراہم کیا گیا ہے۔فوٹوکاپی اور سٹیشنری کی دکان چلانے والے ذیشان کو “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کا پہلا ایمبیسیڈر مقرر کر دیا گیا۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نےاعلان کیا کہ نوجوان مکینوں کو پروگرام کا برانڈ ایمبیسیڈر بنا کر ان کے تجربات سے دوسروں کو بھی مستفید کیا جائے گا۔دورے کے دوران بلال یاسین نے مکینوں اور زیر تعمیر گھروں کے مالکان سے سہولیات اور درپیش مشکلات کے بارے میں تفصیلات لیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام کسی معجزے سے کم نہیں، جہاں گھر بیٹھے قرض بھی ملتا ہے اور کرایے سے کم رقم پر کوئی اپنا گھر حاصل کر سکتا ہے۔مکینوں نے بتایا کہ وہ مالی، مزدور اور دوکاندار جیسے پیشوں سے تعلق رکھتے ہیں اور 15 لاکھ کا بلاسود قرض حاصل کیے بغیر اپنا گھر کبھی نہیں بنا سکتے تھے۔بلال یاسین کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے اس پروگرام کے ذریعے صرف ایک فرد نہیں بلکہ پورے خاندان کے مالی بوجھ کو کم کیا ہے اور ان کی عزتِ نفس کو مجروح ہونے سے بچایا ہے۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے ہدایت کی کہ محکمہ ہاؤسنگ کے انجینئرز اپنی تکنیکی مہارت سے مزید غریب اور مستحق افراد کو فائدہ پہنچائیں۔ہم وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر آپ کی دہلیز تک آئے ہیں”بلال یاسین کا مکینوں سے مکالمہ۔یہ تاریخی اقدام پنجاب میں ہاؤسنگ کے شعبے میں عوام دوست پالیسی کی روشن مثال بن چکا ہے۔