مارکیٹ فیسلیٹیشن سنٹرز کے قیام کا مقصد کسانوں، خریداروں اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطے کو مؤثر بنانا ہے: ڈاکٹر احسان بھٹہ

11

لاہور، 28 جون (اے پی پی): سیکرٹری پرائس کنٹرول اینڈ کماڈیٹیز مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر احسان بھٹہ کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کماڈیٹیز مینجمنٹ کے نظام میں اصلاحات اور جدید تقاضوں کے مطابق بہتری کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ کس ضلع کی پیداوار کب اور کہاں منتقل ہوگی، اس کا مکمل ریکارڈ رکھا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ کماڈیٹیز مینجمنٹ سیکٹر میں عالمی سطح پر کی جانے والی جدید تحقیق کو مدنظر رکھا جائے گا، جب کہ مقامی زمینی حقائق اور نقطۂ نظر کو بھی پالیسی سازی کا حصہ بنایا جائے گا۔ اجلاس میں روایتی منڈیوں سے ہٹ کر جدید مارکیٹنگ سسٹم متعارف کرانے کے لیے “مارکیٹ فیسلیٹیشن سنٹرز” کے قیام کا فیصلہ کیا گیا، تاکہ کسانوں، خریداروں اور متعلقہ اداروں کے درمیان روابط کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے فارمرز ایڈوائزری، کمیونٹی بیسڈ اسٹوریج سسٹم سمیت دیگر عملی اقدامات کے لیے مزید قابل عمل تجاویز طلب کیں تاکہ سپلائی چین میں بہتری لائی جا سکے۔ سیکرٹری پرائس کنٹرول نے اعلان کیا کہ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز اور ایگری کلچرل ایڈیشنل ڈائریکٹرز (EADs) کو مارکیٹ مینجمنٹ فورس میں شامل کیا جائے گا تاکہ نچلی سطح پر نگرانی کا نظام مضبوط ہو۔ انہوں نے کہا کہ سبزیوں، پھلوں، آئل، گھی اور دالوں کی سپلائی چین مینجمنٹ کی مسلسل نگرانی کی جائے گی، اور روزانہ کی بنیاد پر حاصل ہونے والا ڈیٹا پالیسی سازی اور فیصلہ سازی کو مؤثر بنائے گا۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے زور دیا کہ ایگریکلچر اور کماڈیٹیز مینجمنٹ کے مابین ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر قانون سازی اور ادارہ جاتی معاونت کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ مارکیٹ نظام میں شفافیت اور کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن، اے ڈی جی کماڈیٹیز مینجمنٹ، ڈائریکٹر ای اینڈ ایم اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔