لاہور، 28 جون (اے پی پی): وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام سے متعلق سٹیئرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی ذیشان ملک، سپیشل سیکرٹری بلدیات ارشد بیگ، پی ایم ڈی ایف سی کے ایم ڈی زاہد عزیز سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب کے شہروں میں انفراسٹرکچر کی بحالی، سیوریج، ڈرین سسٹمز، پارکوں، سٹریٹ لائٹس، اور دیگر شہری سہولیات کی بحالی پر غور کیا گیا۔ وزیر بلدیات نے پی ایم ڈی ایف سی کے ایم ڈی زاہد عزیز کو پراجیکٹس پر بروقت عملدرآمد کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ ہر شہر میں مرحلہ وار سیوریج اور برساتی پانی کے نکاس کا مربوط نظام قائم کیا جائے گا، اور لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کی طرز پر شہروں کی تمام گلیوں کو پختہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارکوں کی بحالی، سٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور دیگر بنیادی سہولیات کو اولین ترجیح دی جائے گی تاکہ شہریوں کو بہتر معیارِ زندگی فراہم کیا جا سکے۔ اجلاس میں نگرانی کے لیے پراجیکٹ ڈائریکٹرز اور ریجنل افسران کی تعیناتی کا فیصلہ بھی کیا گیا، جبکہ چند شہروں میں منصوبے واسا کی زیر نگرانی مکمل کیے جائیں گے اور دیگر میں پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے ذریعے کام کو یقینی بنایا جائے گا۔ وزیر بلدیات نے واضح کیا کہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے علاقوں میں سکیموں کی بروقت تکمیل کے ذمہ دار ہوں گے اور شفافیت اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ معاون خصوصی ذیشان ملک نے پی ایم ڈی ایف سی کو جلد از جلد عملدرآمد شروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے یکساں ترقی کے ویژن کا عملی عکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ میگا پراجیکٹ آئندہ 25 سال کی شہری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا گیا ہے۔